گوتم گمبھیر کو عدالت سے نہیں ملی راحت، ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگانے سے دہلی ہائی کورٹ کا انکار

جسٹس نینا بنسل کرشنا نے گوتم گمبھیر کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت 29 اگست کو اس معاملے کو تفصیل سے سنے گی۔

<div class="paragraphs"><p>گوتم گمبھیر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی ہائی کورٹ نے سابق ہندوستانی کرکٹر اور ہندوستانی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، ان کے ادارہ (گمبھیر فاؤنڈیشن) اور اہل خانہ کے خلاف چل رہی ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ پیر کے روز ایک معاملے پر سماعت کرتے ہوئے سنایا۔

جسٹس نینا بنسل کرشنا نے گوتم گمبھیر کے ذریعہ داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت 29 اگست کو اس معاملے کو تفصیل سے سنے گی۔ گمبھیر نے ایف آئی آر کو رد کرنے اور 9 اپریل کو دیے گئے اس حکم کو واپس لینے کی اپیل کی تھی جس میں ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر لگی روک کو ہٹا دیا گیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران جب گمبھیر کے وکیل نے ان کے سیاسی و کرکٹ کیریئر کا ذکر کیا تو عدالت نے سخت لہجے میں کہا کہ ’’آپ بار بار نام اور پہچان ظاہر کر رہے ہیں، آپ یہ سمجھ رہے ہیں جیسے عدالت پر اس کا اثر ہوگا۔ عدالت میں نام نہیں، صرف دلائل اور قوانین اہمیت رکھتے ہیں۔‘‘


گوتم گمبھری کی طرف سے پیش وکیل جئے اننت دیہدرئی نے کہا کہ ان کے موکل سابق رکن پارلیمنٹ، سابق کرکٹ کپتان اور موجودہ کوچ ہیں۔ کووڈ وبا کے دوران انھوں نے لوگوں کی مدد کے لیے آکسیجن سلنڈر اور دوائیاں مفت تقسیم کیں۔ حالانکہ دہلی ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ باتیں اس معاملے میں متعلقہ نہیں ہیں۔

یہ معاملہ 2021 میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے دوران کا ہے جب دہلی ڈرگ کنٹرول محکمہ نے گمبھیر اور ان کے ادارہ کے خلاف شکایت درج کی تھی۔ الزام ہے کہ گمبھیر فاؤنڈیشن اور ان کے اہل خانہ نے بغیر لائسنس کووڈ دوائیوں کا ذخیرہ کیا اور اسے لوگوں میں بانٹا۔ اس معاملے میں ٹرائل کورٹ نے گوتم گمبھیر، ان کی بیوی نتاشا گمبھیر، ماں سیما گمبھیر اور فاؤنڈیشن کی سی ای او اپراجیتا سنگھ کو سمن جاری کیا تھا۔ سبھی پر ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔