سدھو موسی والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گینگسٹر گولڈی برار کیلیفورنیا میں گرفتار

سدھو موسی والا قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو کیلیفورنیا میں حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کے ذرائع سے ملی ہے۔ تاہم، اس بارے میں حکومت ہند کو سرکاری اطلاع موصول نہیں ہوئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو کیلیفورنیا میں حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کے ذرائع سے ملی ہے۔ تاہم، کیلیفورنیا کی طرف سے اس بارے میں حکومت ہند کو کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

سدھو موسی والا کو 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ان پر کھلے عام گولیاں برسائی گئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ ان کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو قرار دیا گیا۔ الزام ہے کہ لارنس بشنوئی کے ساتھ مل کر موسی والا کے قتل کی پوری منصوبہ بندی کی اور پھر اپنے شوٹرز کے ذریعے اس قتل کو انجام دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 34 لوگوں کو ملزم بنایا ہے۔


ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ سال پنجاب کے فریدکوٹ ضلع کی ایک عدالت نے یوتھ کانگریس لیڈر گرلال سنگھ پہلوان کے قتل کے سلسلے میں گولڈی برار کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ گولڈی برار 16 سے زائد جرائم کے مقدمات میں مطلوب ہے اور وہ ہندوستان سے کینیڈا فرار ہو گیا تھا۔

حال ہی میں انٹرپول نے گولڈی برار کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا تھا۔ گولڈی برار نے کینیڈا میں بیٹھ کر سدھو موسی والا کو قتل کرنے کی سازش کی۔ اس معاملے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ گولڈی برار اور لارنس بشنوئی کالج کے وقت سے ساتھ ہیں۔ گولڈی برار پر قتل، اقدام قتل، مجرمانہ سازش اور اسلحہ اسمگلنگ کے الزامات ہیں۔


ستوندر سنگھ عرف گولڈی برار سری مکتسر صاحب، پنجاب کا رہنے ولا ہے جو 1994 میں پیدا ہوا تھا۔ وہ 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزا پر کینیڈا گیا تھا۔ گولڈی نے بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ پنجاب پولیس کے ڈوزئیر میں ان کی 5 مختلف تصاویر ہیں، تصاویر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ حالات کے مطابق اپنی شکل بدلتا رہتا ہیں۔ گولڈی ’اے پلس‘ کیٹیگری کا گینگسٹر ہے اور اسے عدالت نے اشتہاری مجرم قرار دیا ہے۔

گولڈی برار کے خلاف قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری جیسے سنگین مقدمات درج ہیں۔ گولڈی کے خلاف پنجاب میں مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 4 میں وہ بری ہو چکا ہے۔ کینیڈا فرار ہونے سے پہلے گولڈی کی مجرمانہ سرگرمیاں پنجاب کے فیروز پور اور سری مکتسر صاحب میں عروج پر تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔