لاک ڈاؤن: ایمبولنس میں مریض کی جگہ ملی سواریاں، ڈرائیور سمیت 9 گرفتار

ملک کے کئی حصوں میں ایمبولنس کے غلط استعمال کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ واقعہ دہلی میں دیکھنے کو ملا جب کچھ لوگ اتر پردیش جانے کے لیے ایمبولنس کا استعمال کر رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے جنوبی ضلع پولس نے 9 لوگوں کو بدھ کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار لوگوں میں 8 سواریاں اور ایک ایمبولنس ڈرائیور ہے۔ پکڑے گئے 8 لوگ مریض اور تیماردار بن کر ایمبولنس میں سفر کر رہے تھے۔ جنوبی ضلع پولس کے ایک افسر نے بتایا کہ "ان لوگوں کو راجوکری علاقے میں پکڑا گیا ہے۔ پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ ایمبولنس مانیسر سے اتر پردیش کے بستی ضلع میں جانا تھی۔ اس سے پہلے ہی دہلی میں انھیں پکڑ لیا گیا۔"

پولس نے ایمبولنس میں بیٹھے لوگوں سے جب پوچھ تاچھ کی تو وہ بہانے بنانے لگے۔ تھوڑی ہی دیر میں جھوٹ ثابت ہو گیا۔ پتہ چلا ہے کہ یو پی نمبر کی ایمبولنس پہلے مانیسر بلوائی گئی تھی۔ پھر سب مانیسر سے وایا دہلی یو پی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ ایک شخص کو باقاعدہ مریض بنا کر لٹایا گیا تھا۔


واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12380 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 414 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ 10477 کیس اس وقت سرگرم ہیں، گویا کہ 1489 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دی جا چکی ہے۔ کورونا بحران کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن پارٹ-2 کا اعلان بھی ہو چکا ہے جو 3 مئی کو ختم ہو رہا ہے۔ اس دوران لوگوں سے سماجی فاصلہ بنائے رکھنے اور گھروں سے بلاوجہ نہ نکلنے کے لیے کہا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔