نئے ٹرانسپورٹ قوانین کا گڈکری نے کیا دفاع، کہا- ’قانون کا خوف ہونا چاہئے‘

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کئے جانے اور اس پر سوشل میڈیا پر بحث کے درمیان مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ لوگوں میں قانون کا خوف قائم رہنا لازمی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نیا موٹر وہیکل ایکٹ نافذ ہو گیا ہے اور نقل و حمل کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ عائد ہونے کے بعد سے ملک میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس حوالہ سے بحث و مباحثہ جاری ہے۔ اسی درمیان مرکزی ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے اس پر پہلی مرتبہ رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نئے موٹر وہیکل ایکٹ اور اس کے ضوابط کا دفاع کیا ہے۔

نتن گڈکری نے کہا کہ اگر ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کوئی حادثہ ہوتا ہے تو پھر اس کی ذمہ داری کون لے گا۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کو قوانین کا احترام کرنا چاہئے اور قانون کا یہ خوف برقرار رہنا چاہئے۔


واضح رہے کہ یکم ستمبر سے نئے ضوابط کے نافظ ہونے کے بعد ملک میں متعدد ایسے معاملات منظر عام پر آئے ہیں جہاں ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ہزاروں روپے کے چالان کاٹے گئے ہیں۔

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ’’اس طرح جرمانہ کی رقم بڑھ کی حکومت کی خواہش نہیں تھی۔ اہم بات یہ ہے کہ ایک وقت ایسا آنا چاہئے جب اس طرح کا جرمانہ عائد ہی نہ کرنا پڑے اور ہر کوئی ضوابط پر عمل پیرا نظر آئے۔‘‘


غورطلب ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے نافذ العمل نئے موٹر وہیکل ایکٹ کی ملک بھر میں مخالفت کی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹ یونین، ٹیکسی یونین سمیت دیگر تنظیمیں اور عام لوگ بھی اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ ایکٹ کے خلاف 9 ستمبر کو قومی راجدھانی دہلی میں ’چکا جام ‘ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم حکومت کی طرف سے نئے ٹرانسپورٹ قوانین میں کسی طرح کی چھوٹ دینے کا کوئی اشارہ نظر نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔