’آپ کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنا میرا عزم‘، راہل گاندھی نے والد راجیو گاندھی کو جذباتی انداز میں کیا یاد

راجیو گاندھی کی برسی پر راہل گاندھی نے ایک جذباتی پوسٹ میں کہا کہ ان کے والد کی یادیں ہر قدم پر رہنمائی کرتی ہیں اور ان کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنا ان کا عزم ہے

<div class="paragraphs"><p>اپنے والد راجیو گاندھی کے ہمراہ راہل گاندھی / بشکریہ ایکس</p></div>

اپنے والد راجیو گاندھی کے ہمراہ راہل گاندھی / بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق وزیراعظم اور بھارت رتن راجیو گاندھی کی 34ویں برسی کے موقع پر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنے والد کو جذباتی انداز میں یاد کیا۔ انہوں نے ایک دل کو چھو لینے والی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا، ’’پاپا، آپ کی یادیں ہر قدم پر میری رہنمائی کرتی ہیں۔ آپ کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنا ہی میرا عزم ہے، اور میں انہیں پورا کر کے رہوں گا۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر دو تصاویر پوسٹ کیں۔ ایک تصویر میں وہ بچپن میں اپنے والد راجیو گاندھی کے ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں، جبکہ دوسری تصویر ویر بھومی کی ہے، جہاں وہ راجیو گاندھی کی سمادھی پر ہاتھ جوڑ کر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

ان تصاویر کے ساتھ شیئر کیے گئے پیغام نے نہ صرف کانگریسی حلقوں میں بلکہ عام عوام میں بھی جذباتی فضا پیدا کر دی۔ ان کے الفاظ سے یہ پیغام ملا کہ راہل گاندھی سیاست کو صرف وراثت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری کے طور پر دیکھتے ہیں، جسے وہ اپنے والد کے وژن کو مکمل کر کے نبھانا چاہتے ہیں۔


اس سے قبل کانگریس پارٹی نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’راجیو گاندھی کے دور اندیش قیادت نے ہمارے قوم کی بنیادوں کو بدل دیا، جو انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔ ان کی وراثت آج بھی ہماری رہنمائی کرتی ہے۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس موقع پر ایکس پر راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا، ’’آج ان کی برسی پر میں ہمارے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بھی انہیں یاد کرتے ہوئے کہا، ’’راجیو گاندھی ایک دور اندیش رہنما تھے اور ہندوستان کے لیے شہید ہو گئے۔‘‘

یاد رہے کہ 21 مئی 1991 کو تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں ایک انتخابی ریلی کے دوران خودکش حملے میں راجیو گاندھی کی شہادت ہوئی تھی۔ ان کی برسی کے موقع پر ہر سال ویر بھومی پر تقریب منعقد ہوتی ہے، جہاں مختلف سیاسی شخصیات انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔