مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی انٹیگوا سے لاپتہ! وکیل نے کی تصدیق

مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی انٹیگوا اور بربوڈا سے لاپتہ ہو گیا ہے، چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوکسی کے لاپتہ ہو جانے سے اس کے اہل خانہ پریشان ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی انٹیگوا اور بربوڈا سے لاپتہ ہو گیا ہے، چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے اس کی تصدیق کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے کہا کہ ’’چوکسی کے لاپتہ ہو جانے سے ان کے اہل خانہ پریشان ہیں اور انہوں نے تبادلہ خیال کے لئے مجھے طلب کیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ فی الحال انٹیگوا پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے، تاہم اہل خانہ چوکسی کی سلامتی کے حوالہ سے فکرمند ہیں۔

ادھر، انٹیگوا کی میڈیا کے مطابق پولیس نے میہل چوکسی کی تلاش کے لئے مہم شروع کر دی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چوکسی آئی لینڈ کے جنوبی علاقہ میں ایک مشہور ریستوراں میں کھانا کھانے کے لئے دیر شام اپنے گھر سے نکلا تھا اس کے بعد سے وہ نظر نہیں آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب اس کی گاڑی کی جالی ہاربر میں تلاش کی گئی لیکن چوکسی کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگا، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔


خیال رہے کہ میہل چوکسی پی این بی کے ساتھ لون میں دھوکہ دہی کرنے کا ملزم ہے۔ سال 2018 میں سی بی آئی جانچ شروع ہونے سے قبل وہ ملک سے فرار ہو گیا تھا۔ میہل چوکسی نیرو مودی کا ماموں ہے، جوکہ 13000 کروڑ سے زیادہ کے دھوکہ دہی کے معاملہ کا اہم ملزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔