ایف ایس ایس اے آئی نے انڈوں کو بتایا ’محفوظ خوراک‘، کینسر کے متعلق پھیلی افواہوں کو کیا خارج

ایف ایس ایس اے آئی نے کہا کہ ’’ایک یا دو معاملوں کی بنیاد پر انڈوں کی پوری صنعت پر سوال اٹھانا اور انڈوں کو خطرناک بتانا سائنسی اور عقلی دونوں لحاظ سے غلط ہے۔‘‘

انڈا، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

’’ملک میں فروخت ہونے والے انڈے مکمل طور سے محفوظ ہیں اور ان کے استعمال سے کینسر کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘‘ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) نے یہ بیان دیتے ہوئے انڈوں کو ’محفوظ خوراک‘ بتایا ہے۔ اس طرح ایف ایس ایس اے آئی نے انڈوں کے متعلق پھیلی افواہوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر چل رہے دعووں کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ ادارہ کا کہنا ہے کہ انڈوں سے کینسر ہونے والی خبریں سائنسی حقائق پر مبنی نہیں ہیں اور عام لوگوں میں غیر ضروری خوف پھیلا رہی ہیں۔

ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق حالیہ دنوں میں کچھ میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈوں میں ’نائٹروفورن‘ نام کا ممنوعہ کیمیکل پایا گیا ہے، جسے کینسر سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ اس پر ایف ایس ایس اے آئی نے صاف کیا کہ ’نائٹروفورن‘ اور اس سے منسلک کیمیکل کا استعمال پولٹری فارمنگ اور انڈوں کی پیداوار میں مکمل طور سے ممنوع ہے۔ فوڈ سیفٹی قانون کے تحت اس کے استعمال کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں ہے۔


اتھارٹی نے یہ بھی بتایا کہ تحقیقات کے دوران جو انتہائی معمولی مقدار کی حد مقرر کی گئی ہے وہ صرف لیب ٹیسٹ اور نگرانی کے مقصد سے ہے۔ اس کا مطلب یہ بالکل نہیں ہے کہ اس کیمیکل کا استعمال کیا جا سکتا ہے یا وہ مقدار صحت کے لیے خطرناک ہے۔ ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق اتنی کم مقدار کا انسانی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔ صحت سے متعلق پہلو پر ایف ایس ایس اے آئی نے دو ٹوک کہا کہ ملک یا دنیا میں اب تک کوئی بھی ایسی سائنسی تحقیق سامنے نہیں آئی ہے، جو یہ ثابت کرے کہ انڈے کھانے سے کینسر ہوتا ہے اور نہ ہی کسی بین الاقوامی صحت کی تنظیم نے عام انڈے کے استعمال کو کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرے سے جوڑا ہے۔

کسی خاص برانڈ یا کسی ایک بیچ میں تحقیقات کے دوران ملی رپورٹ کے متعلق ایف ایس ایس اے آئی نے کہا کہ ’’ایسے واقعات کئی بار خوراک، ماحولیاتی یا دیگر تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آ سکتے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پورے ملک میں انڈوں کی سپلائی غیرمحفوظ ہے۔ ایک یا دو معاملوں کی بنیاد پر انڈوں کی پوری صنعت پر سوال اٹھانا اور انڈوں کو خطرناک بتانا سائنسی اور عقلی دونوں لحاظ سے غلط ہے۔‘‘


ایف ایس ایس اے آئی نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیل رہی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر بھروسہ نہ کریں۔ صرف آفیشیل بیان، سائنسی رپورٹ اور حکومت کی جانب سے جاری مشوروں کو ہی درست مانیں۔ اتھارٹی نے زور دے کر کہا کہ انڈے پروٹین اور غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور متوازن غذا میں ان کا اہم کردار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔