سپریم کورٹ میں آج ہیٹ اسپیچ سے لے کر گیان واپی اور مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی تنازعہ جیسے اہم مسائل پر ہوگی سماعت

سپریم کورٹ آج ہیٹ اسپیچ، گیان واپی مسجد، مہاراشٹر اور کرناٹک سرحدی تنازعہ کے علاوہ کچھ مزید اہم معاملوں پر سماعت کرے گا۔ اس میں سب سے اہم گیان واپی مسجد اور ہیٹ اسپیچ کا معاملہ ہے

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نومبر کے آخری ہفتے میں سپریم کورٹ میں کئی بڑے مقدمات کی سماعت ہونے والی ہے، یہ سلسلہ اس پیر سے بھی جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں آج سپریم کورٹ میں کئی اہہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ ان میں سے کچھ کیس ایسے ہیں جن پر پورے ملک اور میڈیا کی نظریں کافی عرصے سے مرکوز ہیں۔

نفرت انگیز تقریر کا تنازعہ

سپریم کورٹ آج نفرت انگیز تقاریر (ہیٹ اسپیچ) کی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے 22 ستمبر کو اس معاملے کی سماعت کی تھی۔ تب عدالت نے مرکزی حکومت کو یہ بتانے کی ہدایت دی تھی کہ کیا وہ نفرت انگیز تقاریر کو روکنے کے لیے لا کمیشن کی سفارشات پر کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ ہم نفرت کو ہوا نہیں دے سکتے۔


مہاراشٹر-کرناٹک سرحدی تنازعہ پر

گزشتہ کئی سالوں سے زیر التوا مہاراشٹرا کرناٹک سرحدی تنازعہ پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہونے والی ہے۔ یہ تنازع ریاست مہاراشٹر کے قیام کے بعد سے دونوں ریاستوں کے درمیان چل رہا ہے۔ اس سال 30 اگست کو اس معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تھی۔ اس کے بعد عدالت نے 23 نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔

گڑگاؤں کے شہزادہ قتل کیس میں

گڑگاؤں کے مشہور شہزادہ قتل کیس میں بھی آج سماعت ہونے والی ہے۔ دراصل، جووینائل جسٹس بورڈ (جے جے بورڈ) کے فیصلے کے خلاف دفاعی فریق نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے مدعا علیہ نے کہا کہ ملزم کو نابالغ سمجھا جانا چاہیے تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں سماعت کے لیے 23 نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔ خیال رہے کہ 17 اکتوبر 2022 کو جووینائل جسٹس بورڈ نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ملزم بھولو کو بالغ قرار دیا تھا۔


گیان واپی مسجد معاملہ پر بھی سماعت

آج سپریم کورٹ میں گیان واپی مسجد کیس کی سماعت ہوگی۔ حالانکہ یہ کیس اہم معاملہ سے مختلف ہے۔ عدالت آج شنکراچاریہ اوی مکتیشورانند کی عرضی پر سماعت کرے گا۔ اس میں انہوں نے گیان واپی کے احاطے میں پائے جانے والے مبینہ شیولنگ کی پوجا کرنے اور آرتی کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ اس معاملے کی سماعت 18 نومبر کو ہونی تھی لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 23 نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔

مرنے کے حق کے قانون کے بارے میں

سپریم کورٹ آج ’لیونگ وِل‘ یعنی مرنے کے حق کے قانون کے سلسلے میں جاری رہنما خطوط میں ترمیم کے مطالبے پر سماعت کرے گا۔ اس سال ستمبر میں ہونے والی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی آئینی بنچ نے ایک متفرق درخواست پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے 9 مارچ 2021 کے فیصلے میں لیونگ وِل/ ایڈوانس میڈیکل ڈائریکٹیو کی گائیڈ لائنز میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔