یمنا ایکسپریس وے پر 15 دسمبر سے 15 فروری تک گاڑیوں کی رفتار پر لگے گی لگام

یمنا اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ارون ویر سنگھ نے بتایا ہے کہ ہر سال یمنا ایکسپریس وے پر حادثات کو روکنے کے لیے رفتار کم کی جاتی ہے۔ اس بار بھی اس رفتار کو کم کیا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گریٹر نوئیڈا: سردی آتے ہی دھند اور حادثات میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔ اس کو روکنے کے لیے یمنا اتھارٹی نے یمنا ایکسپریس وے پر 15 دسمبر سے 15 فروری تک رفتار پر لگام لگانے کی تیاری کر لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایکسپریس وے پر 15 دسمبر سے بھاری گاڑیاں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہلکی گاڑیاں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ رفتار پر یہ پابندی 15 فروری تک جاری رہے گی۔ ابھی تک، یمنا ایکسپریس وے پر بھاری گاڑیاں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہلکی گاڑیاں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں۔

یمنا اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ارون ویر سنگھ نے بتایا ہے کہ ہر سال یمنا ایکسپریس وے پر حادثات کو روکنے کے لیے رفتار کم کی جاتی ہے۔ اس بار بھی اس رفتار کو کم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جے پی کمپنی کو جلد ہی ایکسپریس وے پر کچھ ٹول بوتھ شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یمنا اتھارٹی کی جانب سے رفتار کو کم کرنے کے لیے جو بھی ہدایات دی گئی ہیں، جے پی گروپ کو اس پر عمل کرنا ہوگا۔


رپورٹ کے مطابق فی الحال یمنا ایکسپریس وے پر حادثات میں کمی نظر آ رہی ہے۔ یمنا اتھارٹی کی جانب سے آئی آئی ٹی دہلی کی ٹیم سے اک سروے کرایا گیا تھا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایکسپریس وے پر حادثات میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔ یمنا اتھارٹی کی ہدایات پر جے پی گروپ کی جانب سے ایکسپریس وے پر کام کیا گیا ہے اور فرق صاف نظر آرہا ہے۔ اب ایکسپریس وے پر حادثات کی تعداد 50 فیصد تک کم ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔