دہلی میں کورونا کا قہر، ایک دن میں ریکارڈ 4039 نئے معاملے

کل جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا انفیکشن کے چار ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آنے سے مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد دولاکھ سے زیادہ ہوکر 2,01,174 ہوگئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

راجدھانی دہلی میں کورونا کا قہر جاری ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے نئے معاملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے ریکارڈ 4039 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد بدھ کی رات دو لاکھ سے زیادہ ہوگئی۔ دوسری جانب فکرکی بات یہ بھی ہے کہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے۔

دہلی حکومت کے وزارت صحت کی جانب سے بدھ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا انفیکشن کے چار ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آنے سے مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد دولاکھ سے زیادہ ہوکر 2,01,174 ہوگئی ہے۔ اب تک مجموعی طور سے 1,72,763 لوگ کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس دوران کورونا انفیکشن سے بیس لوگوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4638 ہوگئی۔


اس سے پہلے دہلی میں منگل کو کورونا کے3609 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ راجدھانی میں دو مہینے کے وقفے کے بعد دو ستمبرکو وائرس کے معاملے ڈھائی ہزار سے زیادہ آئے تھے۔

راجدھانی میں آج نئے معاملے بڑھنے کے ساتھ ہی کنٹیمنٹ زون کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کنٹیمنٹ زون علاقوں کی تعداد بھی 1,166 سے بڑھ کر 1,226 ہوگئی ہے۔


اس مدت میں ریکارڈ 54 ہزار سے زیادہ 54,517 نمونوں کی جانچ ہوئی تھی۔ راجدھانی میں فی دس لاکھ پر 1,00,198 جانچ ہوئی ہے۔ اب تک 19 لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔

راجدھانی میں کورونا کے سرگرم معاملے1,396 بڑھ کر 23,773 ہوگئے ہیں۔ اس میں سے ہوم آئسولیشن میں 23,773 ہیں۔ صحتیاب مریضوں کے مقابلے میں نئے معاملوں کی تعداد زیادہ ہونے سے صحت یاب ہونے کی شرح کل کے 86.30 فیصد سے کم ہوکر آج 85.87 فیصد رہ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔