کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کا انجماد بی جے پی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ: اروندر سنگھ لولی

اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیا یاترا‘ کو ملک بھر میں جو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے، اس سے بی جے پی پوری طرح سے گھبرا گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی و دیگر پارٹی لیڈران</p></div>

احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی و دیگر پارٹی لیڈران

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ممکنہ شکست سے ڈری ہوئی بی جے پی کے ذریعے کانگریس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرانے کے خلاف کانگریس کے ہزاروں کارکنان نے دہلی میں آئی ٹی او واقع انکم ٹیکس کے دفتر کے باہر زبردست مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بی جے پی کے خلاف زوردار نعرے بھی لگائے۔ اس مظاہرے کی قیادت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ ’’اقتدار کے نشے میں بدمست بی جے پی اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسی سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے جمہوریت پر مسلسل حملہ کر رہی ہے لیکن کانگریس پارٹی اس سے ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم بی جے پی حکومت کے غیر منصفانہ فیصلوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ کانگریس اپنے نظریے کے مطابق ہمت و حوصلے کے ساتھ بی جے پی کے ظالمانہ اقدامات کا براہ راست مقابلہ کرے گی۔‘‘


کانگریس کے ریاستی صدر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت کی جانب سے کانگریس پارٹی کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کے لیے محکمہ انکم ٹیکس کی مدد لینے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی نے نہ صرف کانگریس کے مالی استحکام پر بلکہ ملک کے جمہوری قدروں پر بھی زبردست حملہ کرنا چاہتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کو ملک بھر میں جو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے، اس سے بی جے پی پوری طرح سے گھبرا گئی ہے۔‘‘

اروندر سنگھ لولی کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی کے کہنے پر محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے کانگریس اور یوتھ کانگریس کے کھاتوں کو منجمد کرنے کی کارروائی بی جے پی کے بڑھتے ہوئے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ’’سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اپنے عطیات کی تفصیلات دینے کے بجائے بی جے پی کانگریس پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ لیکن کانگریس بی جے پی کی ہر ناانصافی کے خلاف لڑے گی اور ملک کے مفاد میں ہر محاذ پر بی جے پی کے خلاف کھڑی رہے گی۔‘‘


اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے مکیش شرما نے کہا کہ ’’بی جے پی سپریم کورٹ کے الیکٹورل بانڈ پر پابندی لگانے اور عطیات دہندگان کی تفصیل بتانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوس ہو گئی ہے۔ اسی وجہ سے اس نے کانگریس کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرایا ہے۔ بی جے پی گزشتہ 7-8 سالوں سے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے غلط طریقے سے سرمایہ داروں سے ہزاروں کروڑ روپے کا چندہ لے کر اپنے کچھ چنندہ دوستوں کو فائدہ پہنچا رہی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔