چین کو خفیہ دستاویزات بھیجنے کے الزام میں چینی خاتون کے ساتھ صحافی گرفتار

صحافی راجیو نے سن 2010 سے 2014 کے درمیان گلوبل ٹائمز میں ہفتہ وار کالم لکھے تھے۔ ان کے مضامین کا جائزہ لینے کے بعد چین کے انٹیلیجنس ایجنٹ مائیکل راجیو سے رابطہ میں آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے چین کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں آزاد صحافی راجیو شرما کے ساتھ ایک چینی خاتون اور ایک نیپالی شخص کو گرفتار کیا ہے۔

دہلی پولیس نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت راجیو کو گرفتار کیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ راجیو کے قبضے سے دفاع سے متعلق کچھ خفیہ دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ راجیو کو اس کے بدلے شیل کمپنیوں کے ذریعے رقم دی جاتی تھی۔


اسپیشل سیل کے ڈپٹی کمشنر پولیس سنجیو کمار یادو نے ہفتہ کے روز بتایا کہ راجیو کے خلاف 13 ستمبر کو آفیشیل سیکریٹ ایکٹ کے تحت ایک معاملہ درج کیا گیا تھا اور 14 ستمبر کو اسے گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس تفتیش میں راجیو نے اعتراف کیا کہ اس نے دفاع سے متعلق خفیہ دستاویزات چینی شہری مائیکل اور جارج کو ڈیجیٹل طریقے سےفراہم کئے۔ اس کے بدلے میں اس نے بڑی رقم وصول کی تھی۔


پولیس کا دعویٰ ہے کہ راجیو نے سن 2010 سے 2014 کے درمیان گلوبل ٹائمز میں ہفتہ وار کالم لکھے تھے۔ ان کے مضامین کا جائزہ لینے کے بعد چین کے انٹیلیجنس ایجنٹ مائیکل راجیو سے رابطہ میں آیا۔ سال 2016-2018 کے درمیان وہ مائیکل اور جوو سے رابطے میں رہا اور اس دوران اس نے ہند۔ چین تعلقات کے حوالے سے بہت سارے خفیہ دستاویزات فراہم کرائے۔ جنوری 2019 میں راجیو چینی شہری جارج کے رابطے میں آیا۔ اس نے نیپال کے راستے چین جاتے ہوئے جارج سے ملاقات کی۔ اس دوران جارج نے راجیو سے تبتی مذہبی گرو دلائی لامہ سے متعلق معلومات دینے کو کہا۔

انہوں نے کہا کہ راجیو نے جنوری 2019 سے ستمبر 2020 تک جارج کے توسط سے 10 قسطوں میں 30 لاکھ روپے سے زیادہ حاصل کیے۔پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس سازش میں ملوث دیگر غیر ملکی شہریوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔