ہندوستان کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو آسٹریلیائی پارلیمنٹ میں ملی منظوری، آئیے جانتے ہیں اس کے فائدے

آسٹریلیائی وزیر اعظم اینتھنی البنیز نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’بڑی خبر: ہندوستان کے ساتھ ہمارا آزاد کاروباری معاہدہ پارلیمنٹ سے پاس ہو گیا ہے۔‘‘

پی ایم مودی اور آسٹریلیائی وزیر اعظم اینتھنی البنی، تصویر ٹوئٹر@@AlboMP
پی ایم مودی اور آسٹریلیائی وزیر اعظم اینتھنی البنی، تصویر ٹوئٹر@@AlboMP
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے کپڑا، چمڑا اور زیورات وغیرہ سے جڑے کاروباریوں کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ 22 نومبر کو آسٹریلیائی پارلیمنٹ نے ہندوستان کے ساتھ آزاد کاروباری معاہدہ یعنی فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) کو منظوری دے دی۔ اب دونوں ممالک آپسی اتفاق سے فیصلہ کریں گے کہ یہ معاہدہ کس تاریخ سے نافذ العمل ہوگا۔

آسٹریلیائی وزیر اعظم اینتھنی البنیز نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اس سلسلے میں جانکاری دی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ’’بڑی خبر: ہندوستان کے ساتھ ہمارا آزاد کاروباری معاہدہ پارلیمنٹ سے پاس ہو گیا ہے۔‘‘ بعد ازاں ہندوستان کے وزیر برائے کامرس و صنعت پیوش گویل نے ایک ٹوئٹ کر اس معاملے میں خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے لکھا ’’خوشی ہے کہ ہندوستان-آسٹریلیا معاشی تعاون اور کاروبار معاہدہ کو آسٹریلیائی پارلیمنٹ نے منظوری دے دی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’ہماری گہری دوستی کے سبب یہ ہمارے لیے کاروباری تعلقات کو پوری صلاحیت کے ساتھ آگے بڑھانے اور بڑے پیمانے پر معاشی ترقی کو رفتار دینے کے لیے اسٹیج تیار کرتا ہے۔‘‘


ایف ٹی اے کا تذکرہ پیوش گویل نے منگل کے روز دہلی میں منعقد ایک تقریب کے دوران بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ اب آسٹریلیائی حکومت جلد اس کی منظوری ایگزیکٹیو کونسل سے لے گی۔ اس کے علاوہ وزارت کو یہاں مرکزی کابینہ سے ہری جھنڈی لینی ہوگی۔ انھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ ان منظوریوں کو جلد از جلد حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے جوڑا کہ یہ معاہدہ ہندوستان کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ ایف ٹی اے نافذ ہونے کے بعد کسٹم ڈیوٹی سے کاروباریوں کو راحت مل جائے گی۔ کسٹم ڈیوٹی افسر کے ذریعہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔ ایف ٹی اے نافذ ہونے کے بعد کپڑا، چمڑا، فرنیچر، زیورات اور مشینری سمیت ہندوستان کے 6000 سے زیادہ مصنوعات کو آسٹریلیائی بازار میں ٹیکس فری رسائی ملے گی۔


معاہدہ کے تحت آسٹریلیا تقریباً 96.4 فیصد برآمدگی (قیمت کی بنیاد پر) کے لیے ہندوستان کو صفر کسٹم ڈیوٹی رسائی کی پیشکش کر رہا ہے۔ اس میں کئی مصنوعات ایسی ہیں جس پر موجودہ وقت میں آسٹریلیا میں چار سے پانچ فیصد کا کسٹم ٹیکس لگتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مالی سال 22-2021 میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 8.3 ارب ڈالر کی مال برآمدگی اور 16.75 ارب ڈالر کی درآمدگی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */