مفت بجلی اور نوجوانوں کو روزگار سمیت ہماچل پردیش کو کانگریس نے دی 10 گارنٹی

راہل گاندھی نے 10 وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں ہم نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے، جب ہماچل میں کانگریس کی حکومت بنے گی تو یہاں بھی وعدے پورے ہوں گے۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخاب سے پہلے کانگریس نے ریاستی عوام کو 10 گارنٹی دے کر انتخابی میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے 10 وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں ہم نے جو وعدے کیے تھے وہ پورا کیے، جب ہماچل میں کانگریس کی حکومت بنے گی تو یہاں بھی وعدے پورے ہوں گے۔

راہل گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ہماچل پردیش کے لوگوں کے مسائل کا حل اب کانگریس پارٹی کی ’گارنٹی‘ ہے۔ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کی بھلائی اور ان کے ترقیاتی ایشوز پر بات کرتی ہے اور اس گارنٹی کارڈ میں بھی ہم نے ہماچل کے عوام کے ایشوز کو گاؤں گاؤں جا کر ٹٹولا، مقامی لوگوں سے بات کر ان کے مسائل سنے اور پھر ان کا حل نکالتے ہوئے یہ ’گارنٹی کارڈ‘ تیار کیا ہے۔


راہل گاندھی نے مزید لکھا کہ ’’کانگریس پارٹی کی طرف سے اس میں خصوصی طور سے 10 باتوں کی گارنٹی دی جا رہی ہے۔ پرانی پنشن اسکیم، خواتین کے لیے 1500 روپے، 300 یونٹ بجلی مفت، 5 لاکھ روزگار، فصلوں اور پھلوں کی مناسب قیمت، 680 کروڑ روپے کا اسٹارٹ اَپ فنڈ، موبائل کلینک، انگریزی میڈیم اسکول، کانگریس کی حکومت ہر روز گائے-بھینس پالنے والوں سے 10 لیٹر دودھ خریدے گی اور 2 روپے کلو گوبر بھی خرید کرے گی۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں تو کانگریس نے اپنے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے۔ اب آنے والے وقت میں جس جس ریاست میں کانگریس کی حکومت بنے گی، وہاں ہم اپنے وعدے پورے کریں گے۔ انھوں نے ہماچل پردیش کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس گارنٹی کارڈ کو دھیان سے پڑھیں، اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔ ہماچل کے عوام اور کانگریس پارٹی مل کر ہماچل پردیش کو پھر سے آگے بڑھائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔