پنجاب میں مفت بس سروس کا بحران، ڈیزل کی کمی سے بسیں بند، خواتین اور طالبات پریشان

پنجاب میں مفت بس سروس پر ڈیزل کی کمی کا اثر پڑا ہے اور بسیں بند ہو گئی ہیں، جس کے سبب خواتین اور طالبات نجی بسوں پر سفر کرنے کو مجبور ہیں۔ حکومت پر فنڈ جاری نہ کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پنجاب حکومت کی خواتین کے لیے شروع کردہ مفت بس سروس شدید بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ پنجاب روڈویز پر اس منصوبے کے تحت 1200 کروڑ روپے سے زائد واجب الادا رہ گئے ہیں اور بسیں چلانے کے لیے ڈیزل کی بھی کمی ہو گئی ہے۔

پٹھانکوٹ روڈ ویزڈپو میں ڈیزل ختم ہونے کی وجہ سے جمعہ کو چیکہ جام کی صورت پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں چنڈی گڑھ، امرتسر، جالندھر اور گرداس پور جیسے اہم روٹس پر بس سروس بری طرح متاثر ہوئی۔ اس سے مسافروں، خاص طور پر خواتین اور طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پٹھانکوٹ بس اڈے پر مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ روڈ ویز کی بسیں نہ چلنے کے سبب کئی لوگوں کو نجی بسوں کا سہارا لینا پڑا۔ طالبات اور خواتین کو بھی کرایہ ادا کر کے سفر کرنا پڑا، جس سے حکومت کی مفت بس سروس کی کارکردگی پر سوال اٹھنے لگے۔

پنجاب روڈویز پین بس کنٹریکٹ ورکرز یونین کے صدر جوگیندر پال سنگھ لولی نے حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقتدار میں آنے سے قبل بڑے بڑے وعدے کرتی رہی لیکن اب روڈ ویز ڈپو کے لیے ڈیزل کا بجٹ بھی دستیاب نہیں۔ پٹھانکوٹ ڈپو میں ڈیزل کی کمی کی وجہ سے بسیں بند ہیں اور کچھ روٹس پر چلنے والی بسیں بھی کل کے بچا ہوا ڈیزل استعمال کر کے چلائی گئی ہیں۔ ان بسوں میں بھی اوورلوڈنگ کی شکایات سامنے آئیں۔


جوگیندر پال نے مزید کہا کہ حکومت مفت بس سروس کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن اس کے لیے ضروری بجٹ جاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کلومیٹر اسکیم برقرار رکھ رہی ہے، جس کا ٹینڈر 31 اکتوبر کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ یونین نے اس ٹینڈر کی مخالفت کی خبردار بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم روڈویز کے لیے نقصان کا باعث بن رہی ہے۔ مسافر بھی حکومت کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مفت سفر کا وعدہ تو کیا گیا لیکن بسیں ہی نہیں چل رہی ہیں، ہمیں مجبوراً کرایہ دے کر نجی بسوں میں جانا پڑ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ڈیزل فراہم نہ کیا گیا اور بجٹ جاری نہ ہوا تو پنجاب کی مفت بس سروس مکمل طور پر رک سکتی ہے، جس کا اثر خواتین اور طالبات سمیت روزمرہ مسافروں پر پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔