اومیکرون کی دہشت کے درمیان جنوبی افریقہ سے جے پور لوٹے ایک ہی خاندان کے 4 لوگ کورونا سے متاثر

کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے دنیا کو فکرمند کر دیا ہے، ہندوستان میں اس کے 2 معاملوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ دریں اثنا، جنوبی افریقہ سے جے پور لوٹے ایک خاندان کے 4 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں

اومیکرون ویرینٹ
اومیکرون ویرینٹ
user

قومی آوازبیورو

جے پور: کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے دنیا کو فکرمند کر دیا ہے اور ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں بھی اومیکرون کے 2 معاملوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ دریں اثنا، جنوبی افریقہ سے راجستھان کی راجدھانی جے پور لوٹنے والے ایک خاندان کے 4 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق خاندان کے 9 افراد 25 نومبر کو جنوبی افریقہ سے ہندوستان لوٹے تھے، ان میں ایک جوڑا اور ان کی 8 اور 15 سال کی دو بیٹیاں کورونا سے متاثر پائی گئی ہیں۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ان لوگوں کے رابطہ میں آنے والے 12 میں سے 5 افراد بھی کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔


اومیکرون کا سب سے پہلا معاملہ جنوبی افریقہ میں ہی رپورٹ کیا گیا تھا، لہذا وہاں لوٹنے والے کورونا متاثرہ افراد کے نمونے جینوم سیکوینسنگ کے لئے بھیجے گئے ہیں اور انہیں تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ تاہم رپورٹ کے بعد ہی تصدیق ہو پائے گی کہ کورونا سے متاثرہ ان لوگوں میں نیا ویرینٹ اومیکرون موجود ہے یا نہیں۔ خاندان کے بڑے افراد کورونا کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں اور کسی بھی فرد میں علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں۔

ہندوستان میں جمعہ کے روز اومیکرون کے پہلے دو معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے، ان میں سے ایک 66 سالہ بزرگ حال ہی میں جنوبی افریقہ سے لوٹا ہے جبکہ دوسرا طبی اہلکار ہے۔ دونوں ہی کورونا کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اب تک 29 ممالک میں اومیکرون ویرینٹ سے متاثرہ مریضوں کی شناخت کی جا چکی ہے اور عالمی ادارہ صحت نے اسے تشویش ناک ویرینٹ کے زمرے میں رکھا ہے۔


اس سے پہلے دہلی ایئرپورٹ پر بھی جمعہ کے روز کچھ افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ یہاں جمعرات کے روز دنیا بھر سے آنے والے 3 ہزار مسافر اترے تھے۔ سبھی کی جانچ کی گئی، جن ان میں سے 6 افراد کی رپورٹ کورونا کے لئے پازیٹو پائی گئی۔ ان سبھی کے نمونے جینوم سیکوینسنگ کے لئے بھیج دئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔