ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال پر سونیا گاندھی کا اظہار افسوس، سماج اور کانگریس کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا

ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال پر سونیا گاندھی نے گہرے رنج کا اظہار کیا اور ان کی سماجی، ادبی اور سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے کانگریس اور سماج کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>گرجا ویاس کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

گرجا ویاس کی فائل تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر گرِجا ویاس کے انتقال پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے گرجا ویاس کے اہل خانہ کو ایک تعزیتی خط لکھا، جس میں ان کی خدمات اور شخصیت کو یاد کیا گیا۔

سونیا گاندھی نے گرجا ویاس کے بھائی گوپال کرشن شرما کے نام اپنے خط میں لکھا، ’’آپ کی بڑی بہن، کانگریس کی سینئر رہنما، سابق وزیر، ادب کی دنیا کی طاقتور آواز، مشہور شاعرہ، نرم مزاج اور خوش گفتار ڈاکٹر گرجا ویاس کے انتقال کی خبر نے مجھے چونکا دیا ہے۔ وہ تقریباً ایک ماہ قبل ایک شدید حادثے کا شکار ہوئی تھیں اور احمد آباد میں زیر علاج تھیں۔ ان کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان بلکہ کانگریس، ادبی دنیا اور سماج کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔‘‘

سونیا گاندھی نے مزید لکھا، ’’سیاسی، سماجی اور تعلیمی میدان میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ وہ کانگریس کے اصولوں اور نظریات پر زندگی کے آخری لمحے تک قائم رہیں۔ تنظیمی سطح ہو یا حکومت، جو بھی ذمہ داری ان کے سپرد کی گئی، انہوں نے اسے فرض شناسی سے نبھایا۔ ان جیسی ہمہ جہت شخصیت کا دنیا سے جانا ایک خلا پیدا کرتا ہے جسے پُر کرنا آسان نہیں۔‘‘

ڈاکٹر گرجا ویاس کا انتقال جمعرات یکم مئی کو احمد آباد میں ہوا۔ ان کا جسد خاکی رات گئے ادے پور لایا گیا، جہاں جمعہ کی صبح ان کے گھر ’دیوتام گری‘ میں آخری دیدار کے لیے عوام کے سامنے رکھی گئی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، پی سی سی چیف گووند سنگھ ڈوٹاسرا، اپوزیشن لیڈر ٹیکا رام جولی، بی جے پی ایم ایل اے دیپتی مہیشوری، پھول سنگھ مینا، تارا چند جین اور سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے بھی موجود تھیں۔


خیال رہے کہ 31 مارچ کو گرجا ویاس ادے پور میں اپنے گھر پر پوجا کے دوران شدید طور پر جھلس گئی تھیں۔ آرتی کے وقت ان کے دوپٹے میں چراغ سے آگ لگ گئی تھی۔ گھریلو ملازم نے فوری طور پر آگ بجھائی اور انہیں ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے بعد میں بہتر علاج کے لیے احمد آباد منتقل کیا گیا۔ ان کے بھائی گوپال شرما کے مطابق ابتدائی دنوں میں حالت میں بہتری کے آثار تھے لیکن آخری دو دنوں میں طبیعت بگڑ گئی اور یکم مئی کو ان کا انتقال ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔