’ٹرمپ کے ساتھ ہندوستان آیا کورونا وائرس‘، یوگی کے سابق وزیر نے کیا دعویٰ

یوگی حکومت کے سابق وزیر اوم پرکاش راجبھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کے دور سے پہلے ہندوستان میں کورونا وائرس کا کوئی بھی معاملہ نہیں تھا۔ یہ ان کے ساتھ ہی ہندوستان میں آیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کی یوگی حکومت کے سابق وزیر اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے سربراہ اوم پرکاش راجبھر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ہندوستان آیا ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت مختلف ایشوز سے لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے کورونا کے نام پر ہنگامہ کر رہی ہے۔

اوم پرکاش راجبھر نے پیر کے روز وارانسی کے سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ٹرمپ کے دورے سے پہلے ہندوستان میں کورونا وائرس کا کوئی بھی معاملہ نہیں تھا۔ یہ ان کے ساتھ ہی ہندوستان آیا ہے۔ بی جے پی حکومت مختلف ایشوز سے لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے کورونا کا ایشو اٹھا رہی ہے۔ اگلے اتوار تک کورونا ختم ہو جائے گا۔‘‘


یوگی حکومت میں وزیر رہ چکے راجبھر نے ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنی روایت جاری رکھنے کی نصیحت دیتے ہوئے پوچھا کہ ’’حکومت سبھی کو گئو موتر کیوں نہیں پلا رہی ہے؟ ان کے لیڈر لوگوں کو منع کر رہے تھے کہ گوشت نہ کھائیں اور خود لیڈران کمروں میں بیٹھ کر دارو-مرغا اڑا رہے تھے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہندوستان کا روپیہ تیزی سے گر رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ریلوے، بینک سب فروخت کر دیا ہے۔ ملک کی حالت خراب ہے اور اس طرف دھیان ہی نہیں دیا جا رہا۔‘‘

بی جے پی کے سابق حامی راجبھر نے مدھیہ پردیش میں جاری سیاسی گھمسان پر بھی اپنا رد عمل میڈیا کے سامنےظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو 100-100 کروڑ روپے کا آفر دیا ہے۔ وزارتی عہدہ کا لالچ دیا گیا ہے اور فیملی کو اراکین اسمبلی سے نہیں ملنے دیا جا رہا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی ایسی واشنگ مشین ہے جس کے ایک طرف سے گھسو اور دوسری طرف سے صاف ہو کر نکلو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔