بہار کے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کی نتیش سے ملاقات

پانڈے بتایا کہ نتیش کمار کے ساتھ ان کی یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جے ڈی یو میں شامل ہو رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ابھی کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) کے عہدے سے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ (وی آر ایس) لینے کے بعد سیاست کی جانب گامزن ہونے والے گپتیشور پانڈے نے ہفتے کے روز جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے ملاقات کی۔

انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے 1987 بیچ کے افسر، پانڈے نے جے ڈی یو کے ریاستی دفتر میں پارٹی کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ نتیش کمار کے ساتھ ان کی یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جے ڈی یو میں شامل ہو رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ابھی کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔


پانڈے نے کہا ’’میں وزیراعلی نتیش کمار کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا۔ ڈی جی پی کے عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے مجھے کھل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کے لئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ صرف باضابطہ طور پر وزیر اعلی سے ملنے آیا تھا۔ پانڈے تقریباً 10 منٹ تک جے ڈی یو کے دفتر میں رہے۔ اس دوران پارٹی کے کچھ دیگر سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پانڈے کی انڈین پولیس سروس سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لئے درخواست کو محکمہ داخلہ نے 22 ستمبر 2020 کو گورنر کے حکم سے منظور کرلیا تھا۔ تب سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ پانڈے اب سیاست میں اپنی نئی اننگز کا آغاز کریں گے۔


پانڈے نے محکمہ پولیس میں 33 سال خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے سپرنٹنڈنٹ پولیس سے لے کر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، انسپکٹر جنرل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل تک کے سفر میں 26 اضلاع میں کام کیا ہے۔ پانڈے کو 31 جنوری 2019 کو بہار کا ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بنا دیا گیا تھا اور ان کی میعاد 28 فروری 2021 کو پوری ہونی تھی لیکن اس سے قبل انہوں نے رضاکارانہ طور پر ریٹائرمنٹ لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔