منی پور کی متنازعہ آڈیو کلپ سے متعلق فورنسک رپورٹ سپریم کورٹ میں جلد ہوگی پیش

اس آڈیو میں مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ کی آواز ہے، جس میں وہ لوگوں کو تشدد کے لیے مشتعل کرتے سنائی دے رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ رپورٹ تیار ہے اور جلد ہی اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت نے سامنے آئی منی پور کی ایک متنازعہ ویڈیو معاملے پر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی فورنسک سائنس لیباریٹری کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ عدالت عظمیٰ کو مطلع کیا گیا کہ منی پور کی اس لیک آڈیو کی رپورٹ تیار ہے جس میں مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کی آواز موجود ہے۔ آڈیو میں وہ تشدد کے لیے لوگوں کو مشتعل کرتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں۔ مرکز کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ تیار ہے اور جلد ہی سیل بند لفافے میں اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ کی صدارت والی بنچ نے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی طرف سے پیش وکیل کی دلیل سننے کے بعد اس معاملے پر سماعت 5 مئی تک کے لیے ملتوی کر دی۔ یہ عرضی کوکی حقوق انسانی تنظیم (کوہور) نے سپریم کورٹ میں داخل کی تھی۔ عرضی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لیک آڈیو میں سابق وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ کی آواز ہے۔ آڈیو میں وہ تشدد کو بھڑکاتے سنائی دے رہے ہیں۔


عرضی دہندہ کوکی تنظیم کی طرف سے سینئر وکیل پرشانت بھوشن عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ انھوں نے منی پور تشدد میں سابق وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی جانچ کے لیے عدالتی نگرانی میں ایس آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ اس لیک آڈیو میں مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ میتئی تنظیموں کو مشتعل کرتے ہوئے اور انھیں حکومت کے اسلحہ و گولہ بارود لوٹنے کے لیے اکساتے سنائی دے رہے ہیں۔ پرشانت بھوشن نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ ’ٹروتھ لیب‘ نے آڈیو میں این بیرین سنگھ کی آواز کی تصدیق کی ہے، لیکن عدالت نے ٹروتھ لیب کی رپورٹ ماننے سے انکار کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔