دہلی کے وزرا کے بیرونی دوروں کو منسوخ کرنا مودی کی گندی سیاست کا حصہ: کیجریوال

وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ’’عام آدمی پارٹی کے وزراء کے بیرونی دوروں سے ملک کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے لیکن مودی کے دورے سے ملک کو کیا حاصل ہوا- رافیل؟‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنے دو وزراء کا بیرون ملک کا دورہ منسوخ کر دیئے جانے کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو آج ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا۔ دہلی کے وزرا کو بیرون ملک کے دورے کو منسوخ کئے جانے کو اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ’گندی سیاست‘ کا حصہ قرار دیا۔

وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’وزیر اعظم کے بیرون ملک کے دورے کا موازنہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے وزراء کے دوروں سے کیا جانے لگا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے وزراء کے بیرونی دوروں سے ملک کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے، لیکن مودی کے دوروں سے ملک کو کیا حاصل ہوا- رافیل؟‘‘

اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز بھی اس سلسلے میں وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے وزیروں منیش سسودیا اور ستیندر جین کے بیرون ملک دورے کومودی حکومت نے منسوخ کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا کو آسٹریا جانا تھا جبکہ وزیر صحت ستیندر جین آسٹریلیا کے دورے پر جانے والے تھے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اپنے دو وزراء کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دینا کچھ اور نہیں بلکہ ایک گندی سیاست کا حصہ ہے۔

ستیندر جین کو آسٹریلیا میں محلہ کلینک کے بارے میں لیکچر دینا تھا، جبکہ منیش سسودیا کو آسٹریا میں دہلی کے سرکاری اسکولوں میں ہنسی خوشی سے متعلق کلاس کے بارے میں خطاب کرنا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Dec 2018, 8:09 PM