متھرا: غیر ملکی عقیدتمند نے ’رام رام‘ نہیں کہا تو کر دیا چاقو سے حملہ، نوجوان گرفتار

متھرا کے گووردھن علاقہ میں غیر ملکی عقیدت مند کی گردن میں ایک نوجوان نے چاقو سے حملہ کر دیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گیا۔ موقع پر پہنچی پولس نے حملہ آور نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں نظامِ قانون کی حالت کتنی خستہ ہے، اس کی مثال ایک بار پھر متھرا میں دیکھنے کو ملی۔ متھرا کے گووردھن علاقہ میں پریکرما مارگ پر بیرون ملکی عقیدت کی گردن میں ایک نوجوان نے چاقو سے حملہ کر دیا۔ موقع پر پہنچی پولس نے زخمی بیرون ملکی عقیدت مند کو اسپتال پہنچایا۔ پولس نے حملہ آور شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیرون ملکی عقیدت مند نے رام رام نہیں کیا تو ناراض نوجوان نے اس پر حملہ کر دیا۔

خبروں کے مطابق ٹورسٹ ویزا پر ہندوستان آیا لیٹویہ ملک کا رہنے والا جیمترج گزشتہ پانچ سال سے رادھا کنڈ کے کھجور گھاٹ پر رہ رہا ہے۔ منگل کی صبح جب وہ بھجن کر رہا تھا تبھی رِشی نام کا نوجوان پہنچا اور اس نے غیر ملکی عقیدت مند کو رام رام کیا۔ لیکن جیمترج نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔ ملزم رِشی نے اسے دوبارہ رام رام کہا جس پر جیمترج نے اسے تھپڑ مار دیا۔ اس تھپڑ سے ناراض نوجوان نے چاقو سے جیمترج پر حملہ کر دیا۔


موقع پر پہنچے چوکی انچارج اندرجیت سنگھ نے بتایا کہ حملے میں زخمی بیرون ملکی عقیدت مند کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اس کا علاج کیا۔ انھوں نے کہا کہ غنیمت یہ رہی کہ اس کی گردن میں گہرا زخم نہیں ہوا۔ چوکی انچارج نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولس پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نوجوان نے بتایا کہ اس نے غیر ملکی عقیدت مند کو رام-رام کیا تھا، لیکن اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس سے ناراض ہو کر غیر ملکی عقیدت مند پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 May 2019, 5:10 PM