چندریان 3 کی کامیابی کے لیے مساجد میں دعائیں، مدارس میں تیاریاں، کھتولی میں منائی جائے گی عید

دو سال قبل اسرو میں شامل ہونے والے محمد اریب اسرو میں مکینیکل انجینئر ہیں اور ان کا تعلق مظفرنگر کے کھتولی سے ہے۔ اریب بات کرتے ہیں تو جذباتی ہو جاتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>ٹوئٹر</p></div>

ٹوئٹر

user

آس محمد کیف

جہاں ایک طرف چندریان 3 کی کامیابی کو لے کر پوری دنیا میں جوش و خروش ہے، وہیں اس وقت تمام ہندوستانیوں کے دلوں کی دھڑکنیں بڑھ گئی ہیں۔ آج شام چاند پر لینڈ کرنے جا رہے چندریان 3 کی کامیابی کے لیے ملک بھر میں دعائیں جاری ہیں۔ تنوع میں اتحاد کے ملک ہندوستان میں تمام ہندوستانی خدا سے دعائیں کر رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں مندروں میں پوجا ہو رہی ہے وہیں مساجد میں بھی نماز کے بعد دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ دیوبند سمیت کئی مدارس میں چندریان 3 کی لائیو لینڈنگ دیکھنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ مظفر نگر ضلع کے کھتولی قصبے میں تو عید جیسا ماحول ہے، یہاں سوئیاں بن رہی ہے اور جشن کا ماحول ہے۔ اس قصبے کا ایک نوجوان محمد اریب چندریان 3 کو روانہ کرنے والی اسرو کی مکینیکل ٹیم کا حصہ ہے۔

لکھنؤ میں نماز کے بعد چندریان 3 کی کامیابی کے لیے دعا کرنے والے امام خالد رشید فرنگی محلی نے اسرو کو اپنی نیک تمنائیں دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مدرسے، اسلامی مرکز اور مسجد میں چندریان 3 کی کامیابی کے لیے دعائیں کی گئی ہیں۔ آج تمام طلبا کو لینڈنگ بھی دکھائی جا رہی ہے۔ تمام مذاہب میں چاند کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے بہت خوبصورت اور قابل فخر لمحہ ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ چندریان کی لینڈنگ بحسن خوبی مکمل ہو، ہم اسرو کو مبارکباد دیتے ہیں۔ یہاں سے ہم جانتے ہیں کہ اگر یہ لینڈنگ ساؤتھ زون میں کامیابی سے ہو جاتی ہے تو ہندوستان ایسا کرنے والا پہلا ملک ہوگا۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہوگی۔


مدرسہ اسلامیہ جامعہ مظفر نگر کے مہتمم مولانا ارشد قاسمی نے بھی اسے ملک کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا ’’یہاں بڑی اسکرین پر لائیو لینڈنگ دیکھنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ مدرسہ کے سینکڑوں طلبا بیک وقت چندریان3 کو چاند پر اترتے دیکھ سکیں گے۔ یہ پورے ملک کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ ہمارے ملک کی طاقت اور پوری دنیا کے سائنسدانوں کی قابلیت کا ایک انوکھا ثبوت بھی ہے۔ یہ ملک کی بہت اہم اور ضروری کامیابی ہے۔ اس کے لیے اسرو کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جانا چاہیے۔ ہم نے نماز میں چندریان کی کامیابی کے لیے دعا کی ہے۔ اللہ ہمارے ملک کو یہ کامیابی عطا فرمائے۔‘‘

دو سال قبل اسرو میں شامل ہونے والے محمد اریب اسرو میں مکینیکل انجینئر ہیں اور ان کا تعلق مظفرنگر کے کھتولی سے ہے۔ اریب بات کرتے ہیں تو جذباتی ہو جاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ اسرو میں شامل ہوئے صرف تیسرے سال میں ہے اور اتنی جلدی وہ اتنی بڑی کامیابی کا حصہ بن رہے ہیں، یہ اس کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا ’’اللہ سے دعا ہے کہ ہمارا ملک آج یہ کامیابی ضرور حاصل کرے۔‘‘


خاص بات یہ ہے کہ اریب کے گھر میں ٹی وی نہیں ہے لیکن علاقہ مکینوں نے بڑی اسکرین لگا کر لینڈنگ کو لائیو دیکھنے کا انتظام کیا ہے۔ لانچنگ کے دوران سری ہری کوٹا میں گیلری میں اریب کے والد مہتاب ضیاء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو منظر تھا اسے بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ اب ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ملک ضرور یہ کامیابی حاصل کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔