جھارکھنڈ میں دیوالی، کرسمس اور نئے سال کے مدنظر ’پٹاخہ‘ سے متعلق گائیڈ لائن جاری

جھارکھنڈ کے شہری علاقوں میں دیوالی پر گلی محلے میں پٹاخوں کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے، پٹاخوں کی دکانیں لگانے کے لیے شہروں میں کھلی جگہوں پر کلسٹر بنائے جا رہے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ میں اس سال دیوالی، چھٹھ اور گرو پَرو پر صرف دو گھنٹے پٹاخے چلانے کی اجازت دی جائے گی۔ لیکن کرسمس اور نئے سال پر پٹاخہ چلانے کے لیے صرف 35 منٹ کا وقت طے کیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ نے اس سلسلے میں ہفتہ کے روز تفصیلی ہدایات جاری کیں۔ اس کے مطابق دیوالی کی رات کو آٹھ بجے سے دس بجے تک ہی پٹاخے چلائے جا سکیں گے۔ چھٹھ کے دن صبح چھ سے آٹھ، گرو پَرو پر رات آٹھ سے دس اور کرسمس اور نئے سال پر 31 اکتوبر کی شب 11 بج کر 55 منٹ سے 12.30 بجے تک پٹاخہ چھوڑنے کی اجازت دی جائے گی۔

آلودگی کنٹرول بورڈ کے رکن سکریٹری یتیندر کمار داس کے ذریعہ جاری ہدایات میں نیشنل گرین ٹریبونل کے ذریعہ پاس حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جھارکھنڈ کے ان شہروں میں جہاں ہوا کے معیار کی سطح اچھی یا قابل اطمینان ہے، وہاں مقررہ وقت پر ہی پٹاخے چلائے جا سکیں گے۔ انھوں نے پٹاخوں کی فروخت کو لے کر بھی ہدایات جاری کیں۔ اس کے مطابق ریاست میں 125 ڈیسی بل سے کم صلاحیت والے پٹاخوں کی ہی فروخت کی جا سکے گی۔


ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور انسداد فضائی آلودگی کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ریاست کے سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو بھی خط لکھا گیا ہے۔ ریاست کے شہری علاقوں میں دیوالی پر گلی محلوں میں پٹاخوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ پٹاخوں کی دکانیں لگانے کے لیے شہروں میں کھلے مقامات پر کلسٹر بنائے جا رہے ہیں۔ خوردہ دکاندار انہی کلسٹروں میں دکان لگا سکیں گے۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں چار سے پانچ کلسٹر بنائے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ پٹاخہ فروخت کرنے کے لیے انتظامیہ نے کچھ شرطیں بھی مقرر کی ہیں۔ سبھی دکانداروں کو اس پر عمل کرنا ہوگا۔ پٹاخوں کی فروخت کے لیے لائسنس لینا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔