پورنیہ میں امت شاہ کا شو ’فلاپ‘ رہا، وہ بار بار لوگوں سے تالی بجانے کی گزارش کرتے نظر آئے: اوپیندر کشواہا

اوپیندر کشواہا نے کہا کہ ریلی میں آئے لوگ امت شاہ کی گزارش کے بعد ہی تالی بجا رہے تھے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ لوگوں کا بی جے پی کے تئیں کوئی کشش نہیں ہے، بہار کے لوگوں کو اب بھگوا پارٹی پر بھروسہ نہیں۔

اوپیندر کشواہا، تصویر یو این آئی
اوپیندر کشواہا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جنتا دل یو پارلیمانی بورڈ کے سربراہ اوپیندر کشواہا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بہار کے پورنیہ میں جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں شامل ہونے والے لوگوں میں کوئی جوش دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امت شاہ کو اپنی تقریر کے دوران بار بار لوگوں سے تالی بجانے اور جوش دکھانے کے لیے کہنے پر مجبور ہونا پڑا۔

اوپیندر کشواہا نے کہا کہ ’’ریلی میں آئے لوگ امت شاہ کی گزارش کے بعد ہی تالی بجا رہے تھے۔ یہ واضح طور سے ظاہر کرتا ہے کہ لوگوں کا بی جے پی کے تئیں کوئی کشش نہیں ہے۔ بہار کے لوگوں کو اب بھگوا پارٹی پر بھروسہ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اب اسمارٹ ہو گئے ہیں اور وہ بی جے پی کے جھوٹ سے اچھی طرح واقف ہیں۔


جنتا دل یو ترجمان ابھشیک جھا نے بھی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی ہم پر بھروسہ توڑنے کا الزام لگا رہی ہے، لیکن میں بی جے پی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اس کے اتحادی ساتھی اسے کیوں چھوڑ رہے ہیں۔ ان کے پاس اپنے اتحادی ساتھیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا نظریہ ہے۔ انھیں 2015 کے اسمبلی انتخاب کو نہیںبھولنا چاہیے۔ بہار میں جب پی ایم مودی نے ریاست بھر میں 42 ریلیاں کی تھیں اور صرف 53 اسمبلی سیٹیں جیتی تھیں۔ بہار کے لوگ انھیں آئندہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔‘‘

دوسری طرف بی جے پی کی پورنیہ ریلی پر آر جے ڈی ترجمان مرتیونجے تیواری نے کہا کہ ’’امت شاہ نے بہار کے خصوصی درجہ کے بارے میں بات نہیں کی جس کی لوگ امید کر رہے تھے۔ وہ بی جے پی کے جھوٹ سے ناراض ہیں اور انھیں 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں سبق سکھائیں گے۔ 2024 میں بہار میں بھگوا پارٹی اور 2025 کے اسمبلی انتخاب میں کوئی اس کا نام نہیں لے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔