پٹنہ کے کئی گاؤں میں داخل ہوا سیلاب کا پانی، بے گھر لوگ سڑکوں پر زندگی گزارنے کو مجبور
گزشتہ 4 روز سے مسہری ٹولہ کے تمام لوگ گاؤں سے متصل سڑک پر اپنا آشیانہ بنا کر رہ رہے ہیں، جبکہ رات میں سگریاواں مڈل اسکول کے برآمدے میں سونے کو مجبور ہیں۔

بہار میں سیلاب کا منظر / تصویر آئی اے این ایس
پٹنہ ضلع کے جنوب میں واقع دنیاواں بلاک میں پھلگو کی معاون مہاتمائن ندی کا قہر گزشتہ 3 دنوں سے مسلسل جاری ہے۔ پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے بلاک کے بیشتر گاؤں کے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ کئی کچے مکانات پانی میں بہہ گئے ہیں، ساتھ ہی کئی پکے مکانات میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے، جس کے بعد بے گھر لوگ سڑک پر زندگی گزارنے کو مجبور ہو گئے ہیں۔
سیلاب کی وجہ سے دنیاواں بلاک کے درجنوں گاؤں کے حالات بد سے بد تر ہو گئے ہیں۔ چھوٹی ندیوں میں طغیانی سے دوسرے روز بھی دنیاواں ناگرنوسا بہار شریف این ایچ 30 اے پر ہورل بگہا پٹرول پمپ کے آگے ایک فٹ سے زیادہ پانی چڑھ گیا ہے۔ اس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ اگر پانی میں مسلسل اسی طرح اضافہ ہوتا رہا تو شبہ ہے کہ آنے والے دنوں میں بڑی گاڑیوں کا بھی این ایچ 30 پر آمد و رفت مکمل طور سے ٹھپ ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی دنیاواں زمین داری باندھ پر بھی خطرہ برقرار ہے۔
دوسری جانب نالندہ ضلع کے گلڑیہ بگہا کے پاس مہاتمائن ندی کا پشتہ ٹوٹنے کی وجہ سے دنیاواں بلاک کے سگریاواں پنچایت کے گوپال ٹولہ مسہری پوری طرح سیلاب کے پانی میں ڈوب گیا ہے۔ اس کی وجہ سے درج فہرست ذات کے درجنوں مٹی کے گھر پانی میں گر گئے ہیں۔ گزشتہ 4 روز سے مسہری ٹولہ کے تمام لوگ گاؤں سے متصل سڑک پر اپنا آشیانہ بنا کر رہ رہے ہیں، جبکہ رات میں سگریاواں مڈل اسکول کے برآمدے میں سونے کو مجبور ہیں۔ بلاک اور زون سے تعاون کے طور پر ایک پولی تھین اور 2 روز کا راشن دیا گیا۔ اس کے بعد دنیاواں سی او نے کوئی مدد فراہم نہیں کی، جس کی وجہ سے درج فہرست ذات کے متاثرہ غریب لوگوں میں حکومت کے تئیں کافی ناراضگی دیکھی گئی۔
سیلاب کی وجہ سے دنیاواں بلاک کے ہورل بگہا، ہری نگر اور چھوٹی کیوئی میں سیلاب کا پانی گھر میں داخل ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاوہ ازیں دوست محمد پور اپ گریڈ سکول، ہورل بگہا اور مقصود پور پرائمری اسکول سمیت 4 اسکول پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔