کووڈ کی دوسری لہر سے ہوائی مسافروں کی تعداد 27 فیصد کم ہوئی

اپریل اور مئی میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعطیل کی وجہ سے لوگ کنبے کے ساتھ گھومنے جاتے ہیں

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کووڈ 19 وباکی دوسری لہر کے سبب ہوا بازی کے شعبے پرایک بار پھر دباؤ بڑھ گیا ہے اور اس سال مارچ کے مقابلے اپریل میں ہوائی مسافروں کی تعداد تقریبا 27 فیصد کم ہوکر 57 لاکھ پرآگئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اپریل میں گھریلو راستوں پر 57.25 لاکھ افراد نے ہوائی سفر کیا۔ یہ تعداد اکتوبر 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔ مارچ میں ہوائی مسافروں کی تعداد 78.22 لاکھ رہی تھی۔ اس طرح اس میں 26.81 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

عام طور پر اپریل اور مئی میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اسکولوں اور کالجوں میں بچوں کی چھٹیوں کی وجہ سے لوگ کنبے کے ساتھ گھومنے جاتے ہیں۔ لیکن کووڈ-19 کے سبب رواں سال روایت کے برعکس اس میں کمی آئی ہے۔


گزشتہ سال 25 مارچ سے دومہینے کے لئے ملک میں مسافروں کی باقاعدہ پروازیں مکمل طور پر بند رہی تھیں۔ اس کے بعد 25 مئی 2020 سے گھریلو راستوں پر باقاعدہ پروازیں دوبارہ شروع کی گئی تھیں۔ فروری 2021 تک ہر ماہ مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔ فروری میں یہ 78.27 لاکھ ہوگئی، لیکن دوسری لہر آنے کے بعد مارچ میں معمولی کمی کے ساتھ یہ تعداد 78.22 لاکھ پرآگئی تھی۔ اپریل میں وبا کا اثر واضح طور پر نظر آیا ۔

اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں ہوائی مسافروں کی تعداد اس سے بھی زیادہ کم ہوگئی ہے۔ اس وقت روزانہ 60 ہزار سے کم لوگ سفر کر رہے ہیں۔


مئی 2020 میں سات دن میں صرف 2.81 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔ جون 2020 میں یہ تعداد بڑھ کر 19.84 لاکھ، جولائی میں 21.07 لاکھ، اگست میں 28.32 لاکھ، ستمبر میں 39.43 لاکھ، اکتوبر میں 52.71 لاکھ، نومبر میں 63.54 لاکھ اور دسمبر 2020 میں 73.27 لاکھ پرپہنچ گئی۔

اس سال جنوری میں 77.34 لاکھ اورفروری میں 78.27 لاکھ افراد نے ہوائی سفر کیا۔ لیکن مارچ میں مسافروں کی تعداد کم ہوکر 78.22 لاکھ رہ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔