دردناک: احمد آباد میں ایک ہی کنبہ کے 5 لوگوں کی خودکشی، کمرے سے شوہر-بیوی اور 3 بچوں کی لاش برآمد

یہ دردناک واقعہ بگودرا گاؤں میں پیش آیا۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ کنبہ اقتصادی پریشانی میں مبتلا تھا۔ کنبہ کے لوگوں کے موبائل بھی دو دنوں تک بند رہے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گجرات کے احمد آباد سے ایک خوفناک خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں اتوار کو ایک ہی کنبہ کے 5 لوگوں نے مبینہ طور پر زہر کھا کر خودکشی کرلی۔ مہلوکین میں شوہر-بیوی، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور جانچ میں لگ گئی۔ فی الحال سبھی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ جلد سے جلد ثبوت یکجا کیے جا سکیں۔ اب تک خودکشی کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

ایس پی احمد آباد (دیہی) اوم پرکاش جاٹ نے بتایا کہ یہ واقعہ بگودرا گاؤں میں پیش آیا اور پولیس کو اس کی اطلاع دیر رات قریب 2 بجے ملی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے زہر کھا کر خودکشی کی ہے۔


پولیس پڑوسیوں سے پوچھ تاچھ کرکے ثبوت جمع کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ جلد سے جلد اس معاملے کو سلجھایا جا سکے۔ مرنے والوں کی شناخت وپل کانجی واگھیلا (34)، اہلیہ سونل (26)، 5-11 سال کی دو بیٹیاں اور ایک 8 سال کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ کنبہ باول واقع ایک کرایہ کے گھر میں رہتا تھا۔ وہیں سے سب کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ کنبہ اقتصادی پریشانی میں مبتلا تھا۔ کنبہ کے لوگوں کے موبائل بھی دو دنوں تک بند رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وپل رکشہ چلانے کا کام کرتا تھا اور اسی سے وہ بڑی مشکل سے اپنے کنبہ کی روزی روٹی کا انتظام کرتا تھا۔ اس دردناک واقعہ کے بعد پورے علاقے میں غم کا ماحول ہے۔


واضح رہے کہ کچھ وقت پہلے ہریانہ کے پنچ کولہ میں بھی اسی طرح کا معاملہ پیش آیا تھا۔ یہاں دہرہ دون کے رہنے والے ایک ہی کنبہ کے 7 لوگوں نے خودکشی کر لی تھی۔ سبھی کی لاش کار سے برآمد کی گئی تھی۔ یہ واقعہ پنچ کولہ کے سیکٹر 27 کا تھا۔ پورا کنبہ پنچ کولہ میں منعقد باگیشور دھام (دھیریندر شاستری) کی ہنومنت کتھا میں شامل ہوا تھا۔ پروگرام سے واپس ہوتے وقت سبھی نے خودکشی کرنے کا بڑا قدم اٹھایا۔ بتایا جا رہا تھا کہ ان لوگوں کے اوپر بڑا قرض تھا جس کی وجہ انہوں یہ خوفناک قدم اٹھایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔