’ہندوستان کی جمہوری تاریخ میں پہلی بار ’حکمراں اپوزیشن‘ کا ظہور‘، اشوک گہلوت نے بی جے پی کو بنایا ہدف تنقید

گہلوت نے کہا کہ ہندوستان کی 80 سالہ جمہوری تاریخ میں پہلی بار ملک میں ’حکمراں اپوزیشن‘ کا ظہور ہو رہا ہے۔ ایک ایسی پارٹی جو خود اقتدار میں ہے، وہ اپوزیشن کے خلاف دھرنے، مظاہرے اور ریلیاں کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اشوک گہلوت، تصویر/یو این آئی</p></div>
i

راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے بی جے پی پر ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ووٹ چوری کے الزامات سے عوام کی توجہ ہٹانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے منعقد کر رہی ہے اور اس کے لیے اس نے اپنے مرکزی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور ریاستی وزراء کو کام پر لگا رکھا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’آئی این ایس‘ کے مطابق ایک بیان میں اشوک گہلوت نے کہا کہ بی جے پی کی ان حرکتوں سے پورا ملک حیران ہے اور سوال اٹھا رہا ہے کہ کیا مرکز اور ریاستی حکومتوں کے پاس کرنے کے لیے کوئی اور کام بچا بھی ہے؟

اشوک گہلوت نے کہا کہ ہندوستان کی 80 سالہ جمہوری تاریخ میں پہلی بار ملک میں ’حکمراں اپوزیشن‘ کا ظہور ہو رہا ہے۔ ایک ایسی پارٹی جو خود اقتدار میں ہے، وہ اپوزیشن کے خلاف دھرنے، مظاہرے اور ریلیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی ریلیوں کو بے معنی قرار دیا۔ گہلوت نے کہا کہ پورا ملک حیران ہے۔ خواہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ہو یا ریاستی حکومتیں، کیا ان کے پاس کرنے کے لیے کوئی کام نہیں بچا ہے؟ تمام مرکزی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور ریاستی وزراء کو بے معنی ریلیوں میں دھکیل دیا گیا ہے۔


سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکامی سے مایوس ہو کر لوگ ملک بھر میں مختلف مسائل پر احتجاج کر رہے ہیں اور اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ ووٹنگ میں دھاندلی اور الیکشن کمیشن کی مبینہ ملی بھگت کے الزامات سامنے آنے کے بعد بی جے پی گھبرا گئی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حکمراں جماعت ان الزامات سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے سیاسی حربے اپنا رہی ہے۔

انڈیا بلاک کے مارچ اور اس کی عظیم الشان ریلی کا ذکر کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے کہا کہ اپوزیشن نے مقررہ احتجاجی مقامات پر اپنی مہم نظم و ضبط اور پرامن طریقے سے چلائی ہے۔ اشوک گہلوت نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت کی تبدیلی کے لیے مسلسل محبت، اپنائیت اور جمہوری طریقوں کی وکالت کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس کے باوجود بی جے پی ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش میں اس طرح کے مارچ نکال رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔