مردم شماری 2027 کا پہلا مرحلہ اپریل سے ستمبر 2026 کے درمیان ہوگا: وزارتِ داخلہ
وزارتِ داخلہ کے مطابق مردم شماری 2027 کا پہلا مرحلہ اپریل سے ستمبر 2026 کے درمیان ہوگا، جس میں گھروں کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کی جائے گی، جبکہ آبادی کی گنتی فروری 2027 میں ہوگی

مرکزی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان میں مردم شماری 2027 کا پہلا مرحلہ اپریل سے ستمبر 2026 کے درمیان انجام دیا جائے گا۔ اس مرحلے میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گھروں کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ بدھ کے روز جاری ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے 30 دن کی مدت مخصوص کی جائے گی، جس کے دوران گھروں کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھروں کی فہرست سازی کے 30 روزہ عمل کے آغاز سے قبل 15 دن کی مدت کے لیے خود شمارکاری کا متبادل بھی فراہم کیا جائے گا، تاکہ شہری اپنی تفصیلات خود درج کر سکیں۔ وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ مردم شماری کا یہ عمل دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران گھروں کی فہرست سازی اور رہائشی مردم شماری کی جائے گی، جبکہ دوسرا مرحلہ فروری 2027 میں آبادی کی باقاعدہ مردم شماری پر مشتمل ہوگا۔
ہندوسان کے مہا رجسٹرار اور مردم شماری کمشنر مرتیونجے کمار نارائن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت مردم شماری 2027 کے تحت گھروں کی فہرست سازی کے عمل کا آغاز یکم اپریل 2026 سے کرے گی، جو 30 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس عمل کے دوران ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ اپنی جانب سے مقررہ 30 دن کی مدت میں مردم شماری کی کارروائی مکمل کرے گا۔
واضح رہے کہ مردم شماری ہر دس برس میں کرائی جاتی ہے اور یہ عمل پہلے 2021 میں ہونا تھا، لیکن کووڈ۔19 وبا کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اب مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ اس دس سالہ عمل کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں تاخیر وبائی حالات کی وجہ سے ہوئی تھی۔
اس مردم شماری کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ پہلی بار یہ مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں کی جائے گی۔ حکومت کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اعداد و شمار کے اندراج اور جانچ کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔ گزشتہ برس 12 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں مردم شماری 2027 کے انعقاد کی منظوری دی گئی تھی، جس پر 11,718.2 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
حکومت نے یہ بھی بتایا ہے کہ آبادی کی مردم شماری کے مرحلے میں ذات پر مبنی شناخت کو بھی شامل کیا جائے گا، جسے تازہ ترین مردم شماری کی ایک اہم جہت قرار دیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔