جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں پہلی مرتبہ خاتون چیف جسٹس اور خاتون جج کی تقرری

دہلی ہائی کورٹ کی قائمقام چیف جسٹس گیتا متل اب جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ہوں گی جبکہ سندھو شرما کو ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں: جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی 90سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون چیف جسٹس اور خاتون جج کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔ جمعہ کے روز صدر جمہوریہ نے دہلی ہائی کورٹ کی قائمقام چیف جسٹس گیتا متل کی تقرری جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے طور پر کی جبکہ مرکزی حکومت کی طرف سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرکے ایڈووکیٹ سندھو شرما اور جوڈیشل افسر رشید علی ڈار کو جموں وکشمیر ہائی کورٹ کا جج بنایاگیاہے۔

گیتا متل کو جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی اگلی چیف جسٹس بنانے کی سفارش سپریم کورٹ پینل نے کی تھی۔وہ رہاست کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی ۔ معلوم رہے کہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بدر دریز احمد کی 15مارچ 2018 کو ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدہ کی کرسی خالی چل رہی تھی ۔گیتا متل پچھلے ایک سال سے دہلی ہائی کورٹ میں قائمقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔وہ دہلی ہائی کورٹ کی سنیئر ترین جج تھیں۔

جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں پہلی مرتبہ خاتون چیف جسٹس اور خاتون جج کی تقرری

ادھر، جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں پہلی خاتون جج مقرر ہونے والی سندھو شرما اس سے قبل جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں اسسٹنٹ سالسٹر جنرل (اے ایس جی) تھیں۔ انہیں جموں وکشمیر کی پہلی خاتون اے ایس جی بننے کا اعزاز حاصل رہاہے، جبکہ اب انہوں نے جج عہدے کی تقرری ہوکر بھی ریکارڈ بنایاہے۔

سال 1928میں قائم ہوئے جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں اب تک 107سے زائد جج تعینات ہوئے ہیں جوکہ سبھی مرد تھے۔ سندھو شرما کوپہلی خاتون ہائی کورٹ جج بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جموں وکشمیر آئین کی سیکشن 95کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند نے باضاطہ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔پنجاب یونیورسٹی چندی گڑھ سے ایل ایل بی ڈگری حاصل کرنے کے بعد سندھو شرما نے سال 1996میں وکالت پیشہ اختیار کیا۔

انہوں نے ضلع عدالتوں اور جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں وکالت کی۔ سال2013میں وہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی نائب صدر دو سال کی مدت کے لئے منتخب ہوئیں۔موصوفہ این ایچ پی سی، پاور گریڈ کارپوریشن اور جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی کی کی اسٹینڈنگ کونسل بھی رہ چکی ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کولجیم نے جموں وکشمیر میں پہلی خاتون چیف جسٹس کی تقرری کی بھی سفارش کی ہے۔ اس ضمن میں دہلی ہائی کورٹ کی قائمقام چیف جسٹس گیتا متل کا چیف جسٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ بننا طے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔