پہلے بابری مسجد گرائی، اب وہیں مندر بنائیں گے، پرگیہ ٹھاکر نے پھر اگلا زہر

بھوپال سے بی جے پی کی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر کے بقول وہ نہ صرف بابری مسجد کے اوپر چڑھی تھی بلکہ اس نے اسے توڑنے میں بھی مدد کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال سے بی جے پی کی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر کے متنازعہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ ہیمنت کرکرے پر نازیبا تبصرہ کرنے کے بعد اس نے بابری مسجد کے حوالہ سے زہر فشانی کی ہے۔ پرگیہ نے کہا کہ پہلے بابری مسجد کو گرایا، اب وہیں رام مندر تعمیر کریں گے۔ پرگیہ کے بقول وہ نہ صرف بابری مسجد کے اوپر چڑھی تھی بلکہ اس نے اسے توڑنے میں بھی مدد کی تھی۔ پرگیہ ٹھاکر کے اس بیان پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے اور اسے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔

پرگیہ ٹھاکر نے ہفتہ کے روز بھوپال میں تشہیر کے دوران ایک ٹی وی چینل پر بابری مسجد کے حوالہ سے یہ تبصرہ کیا اور انتخابات کے دوران پھر سے ایودھیا تنازعہ کو زیر بحث لانے کی کوشش کی۔ ٹی وی چینل پر پرگیہ نے کہا، ’’رام مندر یقینی طور پر تعمیر کیا جائے گا، یہ عالی شان مندر ہوگا۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا رام مندر بنانے کا وہ وقت بتا سکتی ہیں، تو پرگیہ نے کہا، ’’ہم مندر تعمیر کریں گے۔ آخر کار ہم ڈھانچہ (بابری مسجد) منہدم کرنے کے لئے بھی تو گئے تھے۔‘‘

حال ہی میں 26/11 حملہ کا ذکر کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے اس وقت کے ممبئی کے اے ٹی ایس چیف اور شہید ہیمنت کرکرے کے خلاف بھی نازیبا کلمات کہے تھے۔ میڈیا سے بات چیت میں اس نے کہا کہ ’میں نے کرکرے سے کہا تھا تیرا سروناش ہوگا‘۔

مدھیہ پردیش کے چیف الیکشن کمشنر وی ایل کانتا راؤ نے سیاسی جماعتوں کو انتباہ دیتے ہوئے ایک نوٹ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بار بار مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے اور نازیبا الفاظ بولنے والے رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Apr 2019, 10:10 AM