’پہلے چھوٹو سلنڈر خریدنے کو کہا، پھر وصولی شروع کر دی‘، 5 کلو والا ایل پی جی سلنڈر مہنگا ہونے پر کانگریس کا تبصرہ

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی نے 5 کلو والا چھوٹو ایل پی جی سلنڈر بھی مہنگا کیا۔ پچھلے ایک ماہ میں چھوٹو ایل پی جی سلنڈر 272 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>چھوٹو سلنڈر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ہندوستان میں مہنگائی کی مار لگاتار بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ خاص طور سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس نے عام لوگوں کے بجٹ کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ یکم جون کی صبح کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 53.50 روپے اضافہ کی خبر نے عوام کو دھچکا دیا ہی تھا، اب یہ خبر بھی سامنے آ گئی ہے کہ 5 کلو والا چھوٹو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 11 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس بارے میں کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پوسٹ جاری کر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی نے 5 کلو والا چھوٹو ایل پی جی سلنڈر بھی مہنگا کیا۔ پچھلے ایک ماہ میں چھوٹو ایل پی جی سلنڈر 272 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے یہ بھی مطلع کیا ہے کہ یکم جون کو چھوٹو سلنڈر کی قیمت میں 11 روپے اضافہ ہوا اور اس سے قبل یکم مئی کو 261 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ یعنی ایک ماہ میں 5 کلو والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 272 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ جانکاری دینے کے بعد کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’پہلے مہنگائی مین نے عوام کو چھوٹو سلنڈر خریدنے کو کہا، پھر وصولی شروع کر دی۔‘‘


اس سے قبل کانگریس نے پیر کی صبح کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کیے جانے پر بھی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا تھا کہ ’’مہنگائی مین مودی نے چابک پھر چلایا۔ آج کمرشیل سلنڈر 53.50 روپے مہنگا کر دیا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے گزشتہ 5 ماہ میں کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کی تفصیل بھی جاری کی۔ اپوزیشن پارٹی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’’پچھلے 5 ماہ میں مودی نے کمرشیل سلنڈر کی قیمتیں کچھ اس طرح بڑھائی ہیں: یکم جون کو 53.50 روپے، یکم مئی کو 993 روپے، یکم اپریل کو 218 روپے، 7 مارچ کو 115 روپے، یکم مارچ کو 31 روپے، یکم فروری کو 50 روپے، یکم جنوری کو 111 روپے۔ یعنی مجموعی طور پر 1571.50 روپے۔‘‘ آخر میں کانگریس نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ’’صرف 5 ماہ میں کمرشیل سلنڈر تقریباً 1572 روپے مہنگا ہو گیا، اور ابھی سال ختم نہیں ہوا۔ مودی کی وصولی جاری ہے...۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔