بریلی: پہلے ’ماسک‘ کو لے کر بینک میں ہوا ہنگامہ، پھر گارڈ نے گاہک کو مار دی گولی

گولی سے زخمی راجیش کی بیوی پرینکا کا کہنا ہے کہ ماسک نہ ہونے کی وجہ سے گارڈ نے راجیش کو لوٹا دیا تھا۔ جب وہ ماسک لگا کر دوبارہ بینک پہنچے تو گارڈ نے کہہ دیا کہ اب لنچ ٹائم ہو گیا ہے، بعد میں آنا۔

بینک میں حالات کا جائزہ لیتی پولیس
بینک میں حالات کا جائزہ لیتی پولیس
user

مشاہد رفعت

اتر پردیش کے بریلی شہر واقع بینک آف بڑودا کی ایک برانچ میں بغیر ماسک داخل ہونے کی کوشش کرنے والے گاہک کو گارڈ نے پیر میں گولی مار دی۔ وہ خون سے لت پت ہو کر بینک کے فرش پر ہی گر پڑا۔ پولیس نے گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کی بندوق ضبط کر لی ہے۔

دراصل شہر کی نارتھ ریلوے کالونی میں رہنے والے راجیش کمار کا بینک آف بڑودا کی جنکشن روڈ برانچ میں اکاؤنٹ ہے۔ وہ صبح تقریباً 11 بجے اپنی پاس بک اَپ ڈیٹ کرانے بینک پہنچے تھے۔ راجیش کی بیوی پرینکا کا کہنا ہے کہ ماسک نہ ہونے کی وجہ سے گارڈ نے راجیش کو لوٹا دیا۔ جب وہ ماسک لگا کر دوبارہ بینک پہنچے تو گارڈ نے کہہ دیا کہ اب لنچ ٹائم ہو گیا ہے، بعد میں آنا۔ بقول پرینکا گارڈ نے راجیش سے بدتمیزی کی اور انھیں دھکا دے کر باہر نکال دیا۔ اس پر دونوں میں توتو، میں میں شروع ہو گئی۔ اس دوران گارڈ نے راجیش کے پیر میں گولی مار دی۔

گرفتار گارڈ
گرفتار گارڈ

پرینکا کا الزام ہے کہ اتنا بڑا واقعہ ہونے کے باوجود بینک والوں نے نہ تو پولیس کو جانکاری دی اور نہ ہی ایمبولنس کو فون کیا۔ ایس پی سٹی رویندر کمار نے اس معاملے میں کہا کہ گارڈ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ گارڈ کا نام کیشو کمار ہے اور وہ بریلی کے سبھاش نگر علاقے کا باشندہ ہے۔ برانچ منیجر گیتا بھوشن نے اس تعلق سے فی الحال اتنا ہی کہا ہے کہ وہ اپنے دفتر میں تھیں، انھیں پتہ نہیں ہے گولی کیوں اور کیسے چلی۔

اس درمیان بریلی شہر میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گیا ہے جس میں خون سے لت پت راجیش بینک کے فرش پر پڑا ہے اور اس کی بیوی (پرینکا) پاس ہی بیٹھی ہوئی ہے۔ ویڈیو میں گارڈ بھی نظر آ رہا ہے۔ شروعاتی بیان میں گارڈ نے کہا ہے کہ اس کی دو نالی بندوق لوڈیڈ تھی، وہ خود ہی چل گئی، اس نے گولی نہیں ماری۔ اب پولیس اس سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ زخمی راجیش کو بغرض علاج ضلع اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔