مارچ سے پہلے ہی 37 ڈگری پہنچ گیا درجہ حرارت، دہلی-گجرات بے حال

جنوبی گجرات کا ساحلی علاقہ سب سے زیادہ گرم ہے۔ سورت میں پچھلے کچھ دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سے زیادہ درج کیا گیا ہے۔ وہیں سوراشٹرا کے اندرونی علاقوں میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

موسمیاتی تبدیلی کے دوران ملک کے کئی حصوں میں گرمی نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ مارچ سے پہلے ہی شدید گرمی محسوس ہونے لگی ہے۔ اس وقت گجرات شدید گرمی کی زد میں ہے۔ وہیں دہلی میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج کیا گیا ہے۔ رواں ہفتے شمال مغربی ہندوستان کے کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے (3 سے 5 ڈگری سیلسیس) زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بات کریں گجرات کی تو ریاست کے جنوبی حصے کا ساحلی علاقہ سب سے زیادہ گرم ہے۔ سورت میں پچھلے کچھ دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سے زیادہ درج کیا گیا ہے۔ موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی ’اسکائی میٹ ویدر‘ کے مطابق ریاست کے سوراشٹرا کے اندرونی علاقوں میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ راجکوٹ میں حال ہی میں 36.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ احمد آباد، وڈودرا، سریندر نگر اورامریلی سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے زیادہ درج کیا گیا ہے جو معمول سے 3 سے 4 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔


فروری کے آخری ہفتے میں سردی اچانک غائب سی ہوگئی ہے۔ دہلی میں اس مہینے اب تک 3 بار زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری درج کیا جاچکا ہے۔ آئی ایم ڈی کے علاقائی موسمیاتی مرکز نئی دہلی کے مطابق فروری میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 31.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ راجدھانی میں کم سے کم درجہ حرارت میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، جس سے صبح اور رات کے وقت بھی معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہونے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔

گزشتہ کچھ سالوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 فروری 2025 کو 32.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ وہیں 2024 میں فروری کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 29.7 ڈگری سیلسیس تھا۔ 2020  کے بعد سے اب تک فروری میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 33.6 ڈگری درج کیا گیا جو21 فروری 2023 کو ہوا تھا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق آنے والے دنوں میں وسطی اور مشرقی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سیلسیس زیادہ رہنے کا امکان ہے۔