دہلی کے منڈکا علاقہ کی 3 منزلہ عمارت جل کر راکھ، 27 افراد کی دردناک موت

کل شام دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب لگنے والی زبردست آگ نے ایک 3 منزلہ تجارتی عمارت کو راکھ کر دیا اور اس حادثے میں 27 لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک تین منزلہ تجارتی عمارت میں کل شام کو لگنے والی زبردست آگ میں 27 لوگو ں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ واضح رہے اطلاعاتہیں کہ 50 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ نیوز ۱۸ پر شائع خبر کے مطابق یہ جانکاری دہلی کے ڈپٹی فائر چیف سنیل چودھری نے دی ہے۔ کمپنی کے مالکان ہریش گوئل اور ورون گوئل کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ منڈکا کے علاقے میں آتشزدگی کی وجہ سے سرکاری طور پر 27 افراد کی المناک موت ہو گئی ہے۔ جین نے بتایا کہ ’’انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پوری عمارت جل گئی ہے۔ 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تمام لاشیں دوسری منزل سے ملی ہیں۔ 8 افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔اوپر بہت گرمی ہے۔‘‘


مقامی پولیس فورس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار رات گئے تک موقع پر موجود رہے۔خبروں کے مطابق اس کمرشل عمارت میں سی سی ٹی وی کیمرہ اور راؤٹر بنانے والی کمپنی کا دفتر ہے۔آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو دو لاکھ کی معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری جانب وزیر اعظم مودی نے دہلی آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ عمارت سے 60-70 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع تقریباً 4 بجکر 40 منٹ پر ملی جس کے بعد 24 فائر ٹینڈرز کو موقع پر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔


پولیس نے بتایا کہ عمارت سے باہر نکالے گئے نو زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے بتایا کہ آگ منڈکا میٹرو اسٹیشن کے ستون نمبر 544 کے قریب واقع ایک عمارت میں لگی۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور عمارت میں پھنسے لوگوں کو کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بچا لیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔