شمالی ہندوستان میں آسمان سے برس رہی آگ! 7 دنوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان، ایڈوائزری جاری

شمال مغربی ہندوستان کے بڑے حصے شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے جھلس رہے ہیں جب کہ شمال مشرقی اور جنوبی ہندوستان میں شدید بارش، آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>درجہ حرارت / آئی&nbsp; اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

موسمیاتی تبدیلی کے دوران پیر کو پورا شمالی، مغربی اور وسطی ہندوستان شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی زد میں رہا۔ اس دوران راجستھان کے باڑمیر میں درجہ حرارت گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی-این سی آر کے شہروں میں دن کا درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ وہیں اتر پردیش کے باندا میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.6 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح منگل کو بھی سورج کے تیور سخت نظر آئے جس سے شدید گرمی کا امکان ہے۔

راجستھان، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر شدید گرمی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 7 دنوں کے لیے ان ریاستوں میں ہیٹ ویو اور درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ مغربی راجستھان اور مغربی اتر پردیش میں انتہائی گرم راتوں کا انتباہ اور اس کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح مدھیہ پردیش اور ودربھ میں شدید گرمی کی لہر کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ ملک میں آج کل موسم دو بالکل مختلف منظرنامے پیش کر رہا ہے۔ شمال مغربی ہندوستان کے بڑے حصے شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے جھلس رہے ہیں جب کہ شمال مشرقی اور جنوبی ہندوستان میں شدید بارش، آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی اضطراب، سمندری نمی اور اوپری ہوا کے سائیکلونک سرکولیشن کے مشترکہ اثرات سے ملک کے کئی حصوں میں موسم تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ملک میں بیک وقت کئی موسمی نظام فعال ہیں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں موسم کے انداز پوری طرح بدل رہے ہیں۔ شمال مغربی ہندوستان میں سرگرم مغربی اضطراب پہاڑی ریاستوں میں بارش اور تیز ہواؤں کو بڑھا رہا ہے۔ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مسلسل نمی آنے کی وجہ سے شمال مشرق اور جنوبی ہندوستان میں شدید بارش اور آندھی۔طوفان کے لیے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اوپری ہوائی سائیکلونک گردش اور گرم ہوائیں شمالی ہندوستان میں ہیٹ ویو میں شدت پیدا کررہی ہیں۔

دہلی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے۔ راجدھانی دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید 2 سے 3 ڈگری تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ مغربی اتر پردیش کے لیے شدید گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور راجستھان میں لوگ گرم راتوں سے پریشان ہیں۔


مرکزی وزارت صحت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) نے وزارت آیوش کے ساتھ مل کر موسم گرما کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان لوگوں کو ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے، سانس لینے کی تکنیکوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ضروری مقدار پانی پینے، دوپہر کے وقت دھوپ سے بچنے، ہلکے سوتی کپڑے پہننے اور موسمی پھلوں اور الیکٹرولائٹ سے بھرپور مائعات کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ شیر خوار، بچے، حاملہ خواتین، بوڑھے، آؤٹ ڈور ورکرز اور دل کی بیماری اور ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں میں مبتلا افراد گرمی کی لہر کے حالات حساس ہوتے ہیں، ان کی خاص طور پر نگرانی کی جانی چاہیے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔