گرمی کے تیور سخت، اترپردیش میں 45 ڈگری پہنچا درجہ حرارت، دہلی میں سورج کی تپش سے لوگ بے حال، گرم لہر کا الرٹ جاری

ایک طرف ہندوستان کے کئی حصوں میں گرمی کے تیور سخت ہیں، دوسری طرف کشمیر میں مسلسل بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی ہے اور لوگ رات میں سونے کے لیے کمبل اور ہلکے گرم کپڑوں کا سہارا لے رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>درجہ حرارت کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

موسم گرما کے ابتدائی ایام میں ہی گرمی نے اپنا قہر برپا کرنا شروع کر دیا ہے اور ملک کے بیشتر حصوں میں شدید دھوپ اور گرم ہواؤں کی وجہ سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس دوران دہلی اور اترپردیش میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ دہلی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا ہے۔ پیر اور منگل کو بارش کی کوئی امید نہیں ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اگلے 2 دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران 22 سے 24 اپریل تک درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے گرم ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق پیر کے روز راجدھانی دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حراست 41 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اُدھر اتراکھنڈ میں آج گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ہماچل پردیش میں 20 سے 24 اپریل تک موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس تک اضافہ ہونے کے آثار ہیں۔ راجستھان، اترپردیش، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں 20 سے 23 اپریل تک گرم لہر کے سلسلے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


اترپردیش میں ابھی سے ہی گرمی قہر برپا کر رہی ہے۔ یہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس تک پنچ گیا ہے۔ ریاست کے پریاگ راج اور باندہ سب سے گرم علاقے رہے ہیں۔ ان دونوں اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے گرم لہر کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 26 اپریل تک موسم خشک رہے گا اور گرمی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اتر پردیش سے متصل صوبہ بہار کے لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں آج ہلکی بارش کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کچھ اضلاع میں آندھی کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ راجستھان کی بات کریں، تو یہاں لگاتار درجۂ حرارت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور لوگ گرمی سے بے حال ہیں۔ آج کچھ اضلاع میں ہلکی بوندا باندی کے آثار ہیں جس سے لوگوں کو گرمی سے تھوڑی راحت مل سکتی ہے۔


مدھیہ پردیش میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ یہاں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ آج (پیر) موسم کے مزاج میں کچھ تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے آج ہلکی بارش کا امکان  ظاہر کیا ہے۔ اس کے بعد پھر درجہ حراست میں اضافہ ہوگا اور گرمی لوگوں کو پریشان کرے گی۔ ملک کے کئی دیگر حصوں میں بھی گرمی کے تیور سخت ہیں، جبکہ کشمیر میں مسلسل 2 روز سے بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آئی ہے۔ لوگ رات میں سونے کے لیے کمبل اور ہلکے گرم کپڑوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔