امرتسر سے بہار جانے والی غریب رتھ ایکسپریس میں آتشزدگی، سرہند اسٹیشن پرتین بوگیاں خاکستر
پنجاب کے سر ہند اسٹیشن پر آج صبح امرتسر-سہرسہ غریب رتھ ایکسپریس کے ایک ڈبے میں آگ لگ گئی۔ ریلوے اور پولیس ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر مسافروں کو بحفاظت دوسرے ڈبوں میں منتقل کیا۔

امرتسر سے سہرسہ جانے والی غریب رتھ ایکسپریس میں ہفتہ کی صبح آگ لگ گئی۔ آگ سے تین جنرل کوچ کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ واقعہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب غریب رتھ ایکسپریس پنجاب کے سرہند ریلوے اسٹیشن سے امبالہ کی طرف آدھا کلومیٹر دور پنچی تھی۔ ٹرین کے ایک ڈبے سے دھواں نکلنے پر ٹرین کو روک دیا گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ ٹرین کے تین ڈبوں تک پھیل گئی۔حالانکہ مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی پولیس افسر کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ ریلوے افسران نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 7:30 بجے پیش آیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ ڈبے کو خالی کرایا اور فائر ٹیموں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ محدود حصے میں تھی اور اسے فوری طور پر بجھا دیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہے تاہم تکنیکی خرابی یا شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ریلوے کے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سر ہند اسٹیشن پر امرتسر- سہرسہ غریب رتھ ایکسپریس (12204) کے ایک ڈبے میں آگ دیکھی گئی۔ ریلوے افسران نے فوری طور پر مسافروں کو دوسرے ڈبوں میں منتقل کیا اور آگ بجھا دی گئی۔ آگ سے کچھ دوسرے ڈبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ حالانکہ اس حادثے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔ تباہ شدہ کوچ کا معائنہ کرنے کے بعد ٹرین کو جلد ہی اس کی منزل سہرسہ کے لیے روانہ کردیا جائے گا۔ آگ لگنے کی وجہ کی فی الحال تحقیقات کی جا رہی ہے اور ٹریک کو بحال کیا جا رہا ہے۔ مسافروں کو تھوڑی تاخیر کے بعد دوبارہ ٹرین سے روانہ کیاجارہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔