آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس میں لگی آگ، بال بال بچے 56 مسافر

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار بس راجستھان کے اجمیر شریف سے نیپال جا رہی تھی۔ بس میں 12 بچوں سمیت 56 مسافر سوار تھے۔ خوش قسمتی سے تمام مسافرمحفوظ رہے جبکہ بس کی ڈگی میں رکھا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

<div class="paragraphs"><p>آگ کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے فیروز آباد میں سڑک حادثے کی ایک دل دہلا دینے والی تصویر سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فیروز آباد کے سرسا گنج تھانہ علاقے میں آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے پر چلتی ہوئی ایک بس میں اچانک آگ لگ گئی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ بس میں سوار مسافروں نے کسی طرح کود کر اپنی جان بچائی۔ بتایا جاتا ہے کہ بس راجستھان کے اجمیر شریف سے نیپال جا رہی تھی۔

اس واردات کے بارے میں سرسا گنج کے سرکل آفیسرانیویش کمار سنگھ نے بتایا کہ فیروزآباد ضلع علاقہ کے مائل اسٹون نمبر 76 کٹھ پھوری موڑ پر ڈبل ڈیکر بس کا ٹائر پھٹ گیا جس سے شارٹ سرکٹ ہوا اور بس میں آگ لگ گئی۔ واردات کے دوران بس میں سوار مسافروں نے کود کر اپنی جان بچائی۔


پولیس کے مطابق بس کا پچھلا ٹائر اچانک پھٹ جانے کے بعد چلتی ہوئی بس سے چنگاریاں اٹھنے لگیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ چنگاریاں بھڑک اٹھیں اور بس کے نچلے حصے میں تیزی سے آگ پھیلنے لگی۔ آگ کے شعلے دیکھ کر بس میں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس دوران ڈرائیور نے بس کنارے کھڑی کردی۔ اس کے بعد مسافر کھڑیوں سے باہر کودنے لگے۔ مسافروں کے نکلتے ہی بس آگ کا گولا بن گئی۔

بتایا جارہا ہے یہ بس راجستھان کے اجمیر شریف سے نیپال جا رہی تھی۔ بس میں 12 بچوں سمیت 56 مسافر سوار تھے۔ خوش قسمتی سے تمام مسافرمحفوظ رہے جبکہ بس کی ڈگی میں رکھا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ فیروز آباد کے فائر آفیسر ستیندر پانڈے نے بتایا کہ ایکسپریس وے پر آگ لگنے سے متعلق کال موصول ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر شکوہ آباد اور سرسا گنج فائر اسٹیشنوں کی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ مین پوری کے کرہل سے بھی فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا گیا، تقریباً ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔