جالندھر واقع ’میٹرو مِلک فیکٹری‘ میں لگی آگ، امونیا گیس لیک ہونے سے افرا تفری، پھنسے 30 ملازمین کو نکالا گیا باہر

آتشزدگی کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اوپر کی منزل میں پھنسے تقریباً 30 ملازمین کو کرین و سیڑھیوں کی مدد سے باہر نکالا اور پھر آگ کو بجھانے کا عمل انجام دیا۔

<div class="paragraphs"><p>آگ کی علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پنجاب کے جالندھر ضلع واقع ایک فیکٹری میں شدید آتشزدگی اور گیس لیک ہونے سے زبردست افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لیدر کمپلیکس واقع ’میٹرو مِلک فیکٹری‘ میں پیر کے روز بعد دوپہر آگ لگ گئی تھی، اور پھر فیکٹری سے امونیا گیس لیک ہونے لگی۔ گیس لیک ہونے کی خبر پھیلتے ہی ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا اور وہاں کام کر رہے ملازمین کی سانسیں پھولنے لگیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ جب آتشزدگی اور گیس لیک کا معاملہ فیکٹری میں پیش آیا تو اندر تقریباً 30 ملازمین موجود تھے۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اوپر کی منزل میں پھنسے سبھی ملازمین کو کرین و سیڑھیوں کی مدد سے باہر نکال لیا۔ ملازمین کو نکالنے کے لیے دیوار کا ایک حصہ بھی توڑنا پڑا۔ بعد ازاں آگ بجھانے کا عمل انجام دیا گیا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق جہاں سے امونیا گیس کا رساؤ ہو رہا تھا، اسے بند کر دیا گیا ہے۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ ٹیم نے گیس رساؤ کی دوبارہ جانچ بھی شروع کر دی ہے، تاکہ مزید کوئی پریشانی پیدا نہ ہو۔


ایک خبر رساں ایجنسی نے جانکاری دی ہے کہ فیکٹر میں ہوئے حادثہ کی خبر ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے سرگرمی دکھاتے ہوئے سب سے پہلے اندر پھنسے ملازمین کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ کرین کی مدد سے فیکٹری کی دیوار توڑ کر پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کی کارروائی شروع ہوئی۔ ملازمین کو باہر نکالنے کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال بھیجا گیا۔ گیس لیک ہونے کی وجہ سے پورے علاقے میں ایک دہشت کا عالم پیدا ہو گیا تھا، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ اب گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر یہ واقعہ کیوں سرزد ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔