سائبر فراڈ پر اب فوری درج ہوگی ایف آئی آر، راجدھانی میں نیا نظام نافذ

اسپیشل پولیس کمشنر (کرائم) نے بتایا کہ متاثرین کو فون کال کے علاوہ قریبی تھانے میں جاکر بھی شکایت کرنے کی سہولت ہوگی۔ اس سے بینک کھاتوں سے نکالی گئی رقم کو فوری طور پر منجمد کرنے میں مدد ملے گی

<div class="paragraphs"><p>ایف آئی آر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک میں بڑھتے سائبر کرائم کے درمیان متاثرین کے لیے بڑی راحت کی خبر آئی ہے۔ اب ایک لاکھ روپے یا اس سے زیادہ کے آن لائن فراڈ کے معاملات میں فوری طور پر ای ایف آئی آر درج ہوگی۔ یہ نیا نظام یکم نومبر سے پورے ملک میں نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب لوگوں کو ایسے معاملات میں پولیس اسٹیشن نہیں جانا پڑے گا۔ کال یا آن لائن شکایت درج کرائی جاسکے گی۔

 نیشنل سائبر ہیلپ لائن نمبر 1930 یا ویب سائٹ cybercrime.gov.in کے ذریعے متاثرین شکایات درج کر سکتے ہیں۔ اگر دھوکہ دہی کی رقم ایک لاکھ روپئے یا اس سے زیادہ ہے تو ایف آئی آر خود بخود آن لائن درج ہو جائے گی۔ پہلے یہ سہولت صرف 10 لاکھ روپئے سے زیادہ کی دھوکہ دہی پر لاگو ہوتی تھی۔ نئے نظام سے ایف آئی آر کا عمل تیز ہونے اور متاثرین کو فوری ابتدائی راحت ملنے کا امکان ہے۔


دہلی پولیس کے مطابق قومی راجدھانی میں روزانہ 300 سے زیادہ سائبر فراڈ کے معاملے درج ہوتے ہیں۔ ان میں سے کئی ایک لاکھ روپئے سے زیادہ کی رقم سے متعلق ہوتے ہیں۔ ایک لاکھ روپئے سے کم کے معاملات میں ابھی بھی متعلقہ پولیس اسٹیشن یا سائبر سیل میں شکایات درج کرنے کی ضرورت ہوگی۔ نیا نظام بڑے معاملوں میں پولیس کی کارروائی کو تیز کرے گا اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا عمل پہلے سے زیادہ موثر بنائے گا۔

اس سلسلے میں اسپیشل پولیس کمشنر (کرائم) دیویش چندر شریواستو نے بتایا کہ متاثرین کو فون کال کے علاوہ قریبی تھانے میں جاکر بھی شکایت کرنے کی سہولت ہوگی۔ اس سے بینک کھاتوں سے نکالی گئی رقم کو فوری طور پر منجمد کرنے میں مدد ملے گی اور مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوگی۔ جوائنٹ کمشنر (آئی ایف ایس او) رنیش گپتا نے بتایا کہ فی الحال کنٹرول روم میں 20 کال ٹریکرس ہیں لیکن اب تمام 15 اضلاع کے 225 تھانوں میں ڈیوٹی افسر کال ٹریکر کا کردار نبھائیں گے۔ وزارت داخلہ کی ہدایات پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ ہر شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔


اس دوران دہلی پولیس کے ترجمان سنجے تیاگی نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پولیسنگ کی سمت میں ایک تاریخی قدم ہے۔ اب کسی بھی پولیس اسٹیشن میں جا کر ایک لاکھ روپے سے زیادہ کی دھوکہ دہی کے لیے فوری طور پر ای ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس سے سائبر کرائم کے خلاف کارروائی تیز اور شفاف ہو جائے گی۔