حیدر آباد کرکٹ ایسو سی ایشن میں بدعنوانی معاملہ کو لے کر محمد اظہر الدین کے خلاف ایف آئی آر درج

محمد اظہر الدین نے کہا کہ میں نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ایچ سی اے چیف ایگزیکٹیو افسر کی شکایتوں پر میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، یہ سبھی جھوٹے الزامات ہیں۔

محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کے خلاف بدعنوانی معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ معاملہ حیدر آباد کرکٹ ایسو سی ایشن (ایچ سی اے) سے جڑا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ایچ سی اے چیف ایگزیکٹیو افسر سنیل کانتے بوس کی شکایت پر اُپل پولیس اسٹیشن میں ایچ سی اے کے سابق چیف اظہر الدین اور دیگر سابق عہدیداران کے خلاف تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

اپنی شکایت میں سنیل کانتے بوس نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے سامنے مختلف فریقین کے ذریعہ پیش سابقہ رپورٹس کے مدنظر پیسے کے غلط استعمال کا معاملہ سامنے آیا۔ اس تعلق سے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ فرم کو رواں سال اگست میں ایچ سی اے کا فورنسک آڈٹ کرنے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ فرم نے یکم مارچ 2020 سے 28 فروری 2023 کی مدت کے لیے ایک فورنسک آڈٹ (عبوری رپورٹ) پیش کیا۔ آڈٹ میں مالی نقصان کا پتہ چلا جس میں فنڈ کا ڈائیورژن، ایچ سی اے سے متعلق ملکیتوں کا غلط استعمال شامل ہے۔


شکایت دہندہ کے مطابق فورنسک آڈٹ (عبوری رپورٹ) کی بنیاد پر یہ واضح ہے کہ ایچ سی اے کی طرف سے تیسرے فریق کے فروخت کنندگان کے ساتھ کیے گئے کچھ لین دین حقیقی نہیں پائے گئے۔ وہیں شکایت دہندہ نے مزید کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ فرم نے یہاں راجیو گاندھی بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائر بریگیڈ مشینیں لگانے کے سلسلے میں تبصرے کیے، جس میں سابق عہدیداران کی ملی بھگت سے ایک تیسرے فریق کے فروخت کنندہ کا طریقہ کار بھی شامل تھا۔

اس معاملے میں محمد اظہر الدین کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ میں نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ایچ سی اے چیف ایگزیکٹیو افسر کی شکایتوں پر میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سبھی جھوٹے اور متاثر نظر آنے والے الزامات ہیں۔ میں کسی بھی طرح سے ان الزامات سے جڑا ہوا نہیں ہوں۔ میں مناسب وقت پر جواب دوں گا۔ اظہر الدین نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ میرے وقار کو برباد کرنے کے لیے میرے مخالفین کے ذریعہ کیا گیا ایک اسٹنٹ ہے۔ ہم مضبوط رہیں گے اور سخت لڑائی لڑیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔