پدماوتی تنازعہ: بی جے پی رہنما کے خلاف ایف آئی آر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ پر تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں فلم کی ریلیز کو رکوانے کے لئے مظاہرے کئے جا رہے ہیں ساتھ ہی فلم کی اداکارہ دیپیکا پادوکون اور سنجے لیلا بھنسالی کو دھمکیاں بھی دی جا رہی ہے۔ دھمکی دینے کے ایک معاملہ میں ہریانہ بی جے پی کے میڈیا کو آرڈینیٹر سورج پال امو کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ امو نے دیپیکا پادوکون اور سنجے لیلا بھنسالی کا سر کاٹنے والے کو 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ وہیں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اگر دھمکی دینے والو پر کارروائی کی جا رہی ہے تو سنجے لیلا بھنسالی کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔

راجپوت طبقہ کے لوگوں کا کہنا ہے فلم میں تاریخ کے ساتھ چھیڑ خانی کی گئی ہے جبکہ بھنسالی مسلسل اس الزام کو خارج کر رہے ہیں۔ فلم کے تخلیق کاروں کی طرف سے اس فلم کی ریلیز کو موخر کرنے کے بعد کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی فلم کے حوالے سے اپنے بیان دے ڈالے ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے اعلان کیا کہ یہ فلم ان کی ریاست میں ریلیز نہیں ہوگی جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے راجپوتوں کے اعتراضات کی حمایت کی ہے۔ وہیں دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس تنازعہ کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ ممتا نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کو ختم کرنے کی سمت میں کا سوچا سمجھا منصوبہ چلایا جا رہا ہے۔

اس سب کے بیچ پدماوتی تنازعہ میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اگر پدماوتی کے تخلیق کاروں کو لوگ دھمکی دے رہے ہیں اور ان پر اگر کارروائی ہونی چاہئے تو بھنسالی پر بھی کارروائی کی جائے۔

بھنسالی اور دیپیکا کو مل رہی دھکیوں پر یوگی نے کہا ’’ اگر ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے بھنسالی کا سر کاٹنے اور دیپیکا کی ناک کاٹنے کی دھمکی دی ہے تو اس بنا پر فلم بنانے والوں پر بھی کارروائی کی جانی چاہئے جنہوں نے لوگوں کے احساسات کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ ‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Nov 2017, 4:19 PM