اسمرتی اِیرانی نے کیا جھوٹ کا اعتراف، گریجویشن مکمل کرنے کا دعویٰ تھا غلط

آخر کار مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے اس بات کا اعتراف کر لیا کہ ان کے پاس گریجویشن کی کوئی ڈگری نہیں ہے اور انھوں نے صرف بی کام پارٹ-1 ہی کیا ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے وہ اس الزام کو خارج کرتی رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت میں کئی اہم محکموں کی وزیر رہنے والی اسمرتی ایرانی نے جمعرات کو امیٹھی لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی کے لیے بھرے گئے حلف نامہ میں انھوں نے اپنی تعلیمی اہلیت کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ اس حلف نامہ میں اسمرتی ایرانی نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے دہلی یونیورسٹی سے پہلے سال بیچلر آف کامرس یعنی بی کام کے لیے اپنا امتحان دیا تھا، لیکن ’تین سال کا ڈگری کورس پورا نہیں کیا‘۔

یہاں دلچسپ یہ ہے کہ اسمرتی ایرانی کی تعلیم کو لے کر کافی تنازعہ ہوتا رہا ہے۔ انھوں نے 2004 اور 2014 میں لوک سبھا انتخاب لڑا تھا جس میں انھوں نے اپنی تعلیمی اہلیت کو لے کر الگ الگ دعوے کیے تھے۔ 2004 میں دہلی کے چاندنی چوک سے لوک سبھا انتخاب لڑنے کے دوران اسمرتی ایرانی نے حلف نامہ میں کہا تھا کہ انھوں نے بی اے پاس کیا ہے۔ لیکن 2014 میں انھوں نے جب امیٹھی سے نامزدگی پرچہ داخل کیا تو حلف نامہ میں اپنی تعلیمی اہلیت بی کام بتائی تھی۔ ان دونوں حلف ناموں میں بتائی گئی الگ الگ تعلیمی اہلیت کے سبب کافی تنازعہ بھی ہوا تھا اور پبلک میٹنگوں اور اسٹیجوں پر ان سے اس بارے میں سوال بھی پوچھے گئے تھے۔ معاملہ اس قدر بڑھا کہ عدالت تک جا پہنچا تھا۔ جس وقت یہ تنازعہ ہوا تھا، اس وقت اسمرتی فروغ انسانی وسائل کی وزیر کے عہدہ پر مامور تھیں۔

اتنا ہی نہیں، 2014 عام انتخابات کے بعد اسمرتی ایرانی نے ایک میڈیا پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ انھیں امریکہ میں معروف ییل یونیورسٹی سے بھی ڈگری حاصل ہے۔ اسمرتی ایرانی کے اس دعوے پر اپوزیشن نے تب ان سے سوال کیا تھا کہ انھوں نے اپنے انتخابی حلف نامے میں اس کا تذکرہ کیوں نہیں کیا۔ اور اب جب کہ ایک بار پھر انھوں نے اعتراف کر لیا ہے تو اسے لے کر سوشل میڈیا پر خوب رد عمل سامنے آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Apr 2019, 11:09 AM