ایس آئی آر کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری، راجستھان میں 31 لاکھ سے زائد رائے دہندگان کے نام حذف
جودھ پور میں ایس آئی آر کے تحت 2 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام حذف کردیئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ نام سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے حلقہ میں حذف کئے گئے ہیں جبکہ سب سے کم اوسیان میں نام حذف ہوئے ہیں۔
راجستھان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے 199 اسمبلی سیٹوں کے لیے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ اس عمل کی تکمیل کے بعد 31 لاکھ 36 ہزار 286 رائے دہندگان کے نام لسٹ سے حذف کر دیئے گئے ہیں۔ تاہم 16 دسمبر کو جاری کی گئی ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے مقابلے 10.48 لاکھ رائے دہندگان میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈرافٹ لسٹ کے دوران 41.84 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کئے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد 12.91 لاکھ نئے ووٹروں کو شامل کیا گیا جب کہ 2.42 لاکھ ناموں کو حذف کر دیا گیا۔ ایس آئی آر کی حتمی ووٹر لسٹ کے مطابق اب ریاست میں کل 5 کروڑ15 لاکھ 19 ہزار929 ووٹر ہیں۔ دریں اثنا 27 اکتوبر 2025 کو ایس آئی آر شروع ہونے سے پہلے رائے دہندگان کی کل تعداد 5 کروڑ 56 لاکھ 56 ہزار 515 تھی۔
ریاست کے جودھ پور ضلع میں ایس آئی آر کے تحت 2 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام حذف کر دیئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ ووٹروں کے نام سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے حلقہ سردار پورہ میں حذف کئے گئے ہیں جبکہ سب سے کم اوسیان میں نام حذف ہوئے ہیں۔ اس کے برعکس مویشی پروری وزیر زورارام کماوت کے حلقے میں 9,000 سے زیادہ نئے ووٹروں کو شامل کیا گیا۔
حتمی ووٹر لسٹ میں جنس کے تناسب میں دو پوائنٹ کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ڈرافٹ لسٹ کے وقت فی 1000 مرد ووٹروں پر خواتین ووٹروں کی تعداد 909 تھی جو اب بڑھ کر 911 ہوگئی ہے۔ ضلع کے لحاظ سے صورتحال کو دیکھیں تو جے پور ضلع میں 7 پوائنٹ کا اضافہ دیکھا گیا ہے جب کہ کوٹا ضلع میں 6 پوائنٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اجمیر، سروہی، ڈونگر پور، بوندی، جھالاواڑ اور باراں اضلاع میں جنسی تناسب میں 4 پوائنٹس کی بہتری ہوئی ہے۔
مسودے کے بعد حتمی لسٹ میں 18 سے19 سال کی عمر کے ووٹروں کی تعداد میں 4لاکھ 35ہزار 61 کا اضافہ ہوا، جو کل ووٹروں کا 0.82 فیصد ہے۔ نوجوان ووٹروں میں سب سے زیادہ اضافہ جے پور (1.30 فیصد)، باڑمیر (1.26 فیصد)، بھرت پور (1.22 فیصد)، پھلودی (1.18 فیصد) اور بوندی (1.09 فیصد) اضلاع میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس سلسلے میں چیف الیکٹورل آفیسر نوین مہاجن نے بتایا کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے اور حذف کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ خواہشمند شہری اپنے ناموں کا اندراج بی ایل او کے پاس فارم بھر کر یا فارم 6 کے ذریعے کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ووٹر پورٹل پر آن لائن درخواست کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
وہیں انت اسمبلی حلقہ کے لیے حتمی ایس آئی آر ووٹر لسٹ 12 مارچ کو شائع کی جائے گی۔ ضمنی الیکشن کی وجہ سے ایس آئی آر کا عمل تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ فی الحال ریاست کی باقی 199 اسمبلی سیٹوں کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔