’عوام کے حقوق کی لڑائی مزید مضبوطی سے لڑیں‘، آر جے ڈی کے 30ویں یوم تاسیس پر لالو پرساد یادو کا کارکنان کو پیغام
لالو پرساد یادو ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’آر جے ڈی صرف انتخاب لڑنے والی سیاسی پارٹی نہیں ہے، بلکہ عوام کے حقوق، اختیارات اور وقار کی لڑائی لڑنے والی ایک عوامی تحریک ہے۔‘‘

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) آج اپنا 30واں یوم تاسیس منا رہا ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے بانی لالو پرساد یادو نے بہار کے عوام اور پارٹی کارکنان کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے 3 دہائیوں کے تنظیمی سفر کو جدوجہد، قربانی اور سماجی انصاف کی سیاست کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے یوم تاسیس پر تمام تمام لیڈران، کارکنان اور حامیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
لالو پرساد یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیے گئے اپنے طویل پیغام میں کہا کہ ’’5 جولائی 1997 کو آر جے ڈی کا قیام غریبوں، مظلوموں، پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کے نظریے کو مضبوط کرنے کے مقصد سے عمل میں آیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں میں پارٹی نے کئی سیاسی چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن اپنے بنیادی اصولوں اور عوامی مفاد کے مسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ بہار لالو پرساد یادو ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’پارٹی سماجی انصاف، مساوات، روزگار اور ہمہ جہت ترقی کی سیاست کے لیے پرعزم ہے۔ ملک میں جمہوری اداروں اور آئینی نظام کو مضبوط بنائے رکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔‘‘ اپنے پیغام میں لالو پرساد یادو نے بی جے پی کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’آئینی اداروں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسے وقت میں سماجی انصاف اور آئین کے تحفظ کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔‘‘
لالو پرساد یادو اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’آر جے ڈی صرف انتخاب لڑنے والی سیاسی پارٹی نہیں ہے، بلکہ عوام کے حقوق، اختیارات اور وقار کی لڑائی لڑنے والی ایک عوامی تحریک ہے۔ یہی نظریہ پارٹی کی سب سے بڑی طاقت رہا ہے اور آگے بھی اسی سمت میں تنظیم کام کرتی رہے گی۔‘‘ واضح رہے کہ یوم تاسیس کے موقع پر آج بہار کے تمام اضلاع میں آر جے ڈی کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پارٹی دفاتر میں پرچم کشائی، کارکنان کے اجلاس، اعزازی تقریبات اور سماجی پروگراموں کے ذریعہ 30واں یوم تاسیس انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
