سونالی پھوگاٹ قتل معاملہ میں پانچواں ملزم رما مانڈریکر گرفتار

ہریانہ کی بی جے پی لیڈر سونالی پھوگاٹ کے قتل معاملہ میں گوا پولیس نے پانچویں ملزم کو گرفتار کیا ہے، اس سے قبل چار ملزمان کو 10 دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیجا جا چکا ہے

سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بی جے پی لیڈر اور ٹک ٹاک اسٹار سونالی پھوگاٹ کے قتل معاملہ میں گوا پولیس نے پانچویں گرفتار کی ہے۔ گوا پولیس نے ملزم رما مانڈریکر کو گرفتار کیا ہے۔ مانڈریکر پر الزام ہے کہ اس نے مشیات فروش پرساد گاونکر تک منشیات پہنچائی تھی، جس کے بعد گاونکر نے سدھیر سانگوان کو منشیات فروخت کی تھی۔

گوا پولیس نے اس معاملہ میں تاحال پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں کلیدی ملزمان سدھیر سانگوان اور سکھوندر سنگھ کے علاوہ، گوا کے کرلیز ریستراں کا مالک ایڈون نیونس، ڈرگ پیڈلر پرساد گاونکر اور رما مانڈریکر شامل ہیں۔ پولیس نے ہفتہ کے روز کرلیز کے ریستراں کے واش روم سے سنتھیٹک ڈرگ برآمد کی تھی، جس کے بعد ریستراں مالک کو گرفتار کیا گیا۔


وہیں، ڈرگ پیڈلر دت پرساد گاونکر کی گرفتاری جمعہ کی شب کو کی گئی تھی۔ پولیس نے گزشتہ روز دو اہم ملزمان سمیت تمام چار ملزمان کو گوا کی ماپوسا عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 10 دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔

سونالی پھوگاٹ قتل معاملہ پر ہفتہ کے روز گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ گوا پولیس قصورواروں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا ’’پہلے دن سے تحقیقات میں پورا تعاون کیا جا رہا ہے اور جو بھی اس میں شامل ہوگا اسے گوا پولیس ضرور کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ ملزمان حراست میں ہیں اور مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔