انڈیگو کی ممبئی-گواہاٹی فلائٹ میں خاتون مسافر سے چھیڑ چھاڑ، اترنے ہی ملزم حراست میں، کیس درج

گزشتہ دو ماہ کے دوران فلائٹس میں جنسی استحصال کے کم از کم چار معاملے سامنے آ چکے ہیں، 16 اگست کی ہی بات ہے جب دہلی-ممبئی اسپائس جیٹ فلائٹ میں مبینہ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی سے گواہاٹی جا رہی انڈیگو کی فلائٹ میں ایک خاتون مسافر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ کی شکایت پر طیارہ کے گواہاٹی میں اترتے ہی ملزم کو حراست میں لے کر آسام پولیس کو سونپ دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر جانچ شروع کر دی ہے۔

انڈیگو ایئرلائنز کے ایک ترجمان کے مطابق واقعہ 10 ستمبر کو فلائٹ 6 ای 5319 میں پیش آیا۔ متاثرہ نے مبینہ جنسی استحصال کی شکایت درج کروائی، جس کے بعد طیارہ کے گواہاٹی میں اترنے کے بعد ملزم کو حراست میں لے کر آسام پولیس کو سونپ دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ شکایت دہندہ نے مقامی پولیس میں ایف آئی آر درج کی ہے اور جہاں بھی ضروری ہوگا، ہم ان کی جانچ میں مدد کریں گے۔


غور طلب ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران فلائٹس میں جنسی استحصال کے کم از کم چار معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ 16 اگست کی ہی بات ہے جب دہلی-ممبئی اسپائس جیٹ فلائٹ میں مبینہ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے بھی اس حادثہ پر دہلی پولیس اور ڈی جی سی اے کو نوٹس جاری کیا تھا۔ اس درمیان ہوائی سفر کے دوران فلائٹ میں جنسی استحصال، غلط سلوک اور جھگڑے کے بڑھتے واقعات ایئرلائنز کمپنیوں کے ساتھ ہی مسافروں کے لیے بھی سنگین فکر پیدا کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔