اکبر الٰہ آبادی: ہم تو AB میں رہے اغیار BA ہوگئے... یوم پیدائش پر خاص

کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اکبر الٰہ آبادی مغربی تعلیم کے دلدادہ سرسید احمد خان کے مخالف تھے۔ لیکن دونوں شخصیتوں پر گہری نظر رکھنے والوں کو معلوم ہے کہ سرسید سے اکبر کا اختلاف شخصی نہیں بلکہ نظریاتی تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر احمد

اُردو ادب کے قاری جب اکبر الٰہ آبادی کے ظرافت سے بھرپور اشعار کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہنستے ہیں، مسکراتے ہیں اور جب اس شاعری کو سامنے رکھ کر اپنا محاسبہ کرتے ہیں تو شرمندہ بھی ہوتے ہیں۔ 16 نومبر 1846 میں تفضل حسین کے گھرانے میں پیدا ہوئے اکبر الٰہ آبادی، جن کا اصل نام سید اکبر حسین تھا، نے اپنی شاعری سے اصلاح معاشرہ کا وہ کام لیا جو سر سید احمد خان اور علامہ اقبال جیسی شخصیتوں کا شیوہ رہا۔ انھوں نے اپنی شاعری میں اکثر سماجی برائیوں، مغربی تہذیب اور لادینیت کو طنز و مزاح کے پیکر میں ڈال کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کی اس طرز شاعری کی خوبی ہی تھی کہ لوگوں کی انا کو ٹھیس بھی نہیں پہنچتی تھی اور وہ اپنا محاسبہ کرنے پر مجبور بھی ہو جاتے تھے، مثلاً

دنیا میں لذتیں ہیں نمائش ہے شان ہے

ان کی طلب میں حرص میں سارا جہان ہے

اکبرؔ سے سنو کہ جو اس کا بیان ہے

دنیا کی زندگی فقط اک امتحان ہے

---

عقائد پر قیامت آئے گی ترمیم ملت سے

نیا کعبہ بنے گا مغربی پتلے صنم ہوں گے

---

نہیں رہے گی وہ خوبی جو زن ہے بے پردہ

سبب یہ ہے کہ نگاہوں کی مار پڑتی ہے

کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اکبر الٰہ آبادی مغربی تعلیم کے دلدادہ سر سید احمد خان کے مخالف تھے۔ لیکن دونوں شخصیتوں پر گہری نظر رکھنے والوں کو معلوم ہے کہ سر سید سے اکبر کا اختلاف شخصی نہیں بلکہ نظریاتی تھا۔ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ اکبر الٰہ آبادی مغربی تہذیب اور برطانوی عادات و اطوار سے انتہائی درجہ نفرت کرتے تھے۔ سر سید سے اختلاف بھی اسی سلسلے میں تھا، ورنہ اپنی زندگی کے آخر وقت میں انھوں نے سر سید کے کاموں کی تعریف کئی اشعار کے ذریعہ کی ہے۔ اس اشعار کو پڑھ کر آپ کو یہ بھی اندازہ ہوگا کہ وہ سر سید کی کارگزاری سے خوش تھے اور ان کے ذریعہ کیے گئے کاموں کے دلدادہ بھی۔ چند اشعار ملاحظہ فرمائیں:

واہ اے سید پاکیزہ گہرکیا کہنا

یہ دماغ اور حکیمانہ نظر کیا کہنا

قوم کے عشق میں یہ سوز جگر کیا کہنا

ایک ہی دھن میں ہوئی عمر بسر کیا کہنا

---

ہماری باتیں ہی باتیں ہیں سید کام کرتا ہے

نہ بھولو فرق ہے جو کہنے والے اور کرنے والے میں

صدیق الرحمن قدوائی نے اپنی کتاب ’انتخاب اکبر الٰہ آبادی‘ میں اس تعلق سے بہت خوب لکھا ہے اور سرسید و حالی کی طرح اکبر کو بھی اصلاح پسند ادیب قرار دیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ’’ اکبر کے نزدیک شاعری کا مقصد زندگی کی تنقید و اصلاح تھا... سرسید تحریک کے علمبرداروں نے اور اکبر نے اپنے اپنے نقطہ نظر کے مطابق شاعری کے ذریعے قومی اصلا ح کی کوشش کی۔سماجی اعتبار سے متضاد نقطہ نظر رکھنے کے باوجود سرسید، حالی اور اکبر یکساں ادبی نقطہ نظر کے حامل تھے‘‘۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اکبر الٰہ آبادی نے انگریزی زبان یا مغرب کی اچھی چیزوں کو اختیار کرنے سے منع نہیں فرمایا، اگر اپنی شاعری میں کہیں ’انگریزی‘ یا ’انگلش‘ کی تنقید کی ہے تو ان کا اشارہ انگریزی یا مغربی تہذیب کی طرف ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ انھوں نے اپنی شاعری میں جا بجا انگریزی الفاظ کا استعمال بھی کیا ہے جو ثابت کرتا ہے کہ وہ انگریزی زبان کے مخالف نہیں تھے۔ اس کی مثال ان کے ہی اشعار سے ملاحظہ فرمائیے:

عاشقی کا ہو برا اس نے بگاڑے سارے کام

ہم توABمیں رہے اغیار BAہوگئے

---

تم شوق سے کالج میں پڑھو پارک میں پھولو

جائز ہے غباروں میں اڑو چرخ پہ جھولو

پر ایک سخن بندۂ عاجز کا رہے یاد

اللہ کو اور اپنی حقیقت کو نہ بھولو

---

وہ باتیں جن سے قومیں ہو رہی ہیں نامور سیکھو

اٹھو تہذیب سیکھو، صنعتیں سیکھو، ہنر سیکھو

بڑھاؤ تجربے اطراف دنیا میں سفر سیکھو

خواص خشک و تر سیکھو علوم بحر و بر سیکھو

اکبر الٰہ آبادی کو انگریزوں سے سخت درجہ کی نفرت تھی، اس کی وجہ یہ تھی کہ انھوں نے 1857 کی جنگ اور انگریزوں کے مظالم کا مشاہدہ اپنی آنکھوں سے کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے کالج و یونیورسٹیوں میں انگریزی طرز تعلیم کے خلاف خوب آواز اٹھائی۔ سر سید نے جب اس انگریزی طرز کو اختیار کیا تو انھوں نے برجستہ یہ شعر کہہ ڈالا:

ابتدا کی جناب سید نے

جن کے کالج کا اتنا نام ہوا

انتہا یونیورسٹی پر ہوئی

قوم کا کام اب تمام ہوا

---

نظر ان کی رہی کالج میں بس علمی فوائد پر

گراکے چپکے چپکے بجلیاں دینی عقائد پر

لسان العصر کے لقب سے سرفراز اکبر الٰہ آبادی نے ہمیشہ اسلامی تہذیب کا پاس رکھا اور مسلمانوں سے ہمیشہ یہی گزارش کی کہ وہ اپنی تابناک تہذیب و ثقافت سے دستبردار نہ ہوں۔ اس معاملے میں ان کا ذہن کافی حد تک علامہ اقبال سے وابستہ تھا، بلکہ یوں کہا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا کہ علامہ اقبال اکبر الٰہ آبادی کو اپنا مرشد معنوی تصور کرتے تھے۔ اقبال نے اکبر الٰہ آبادی کے نام 6 اکتوبر 1911 کو لکھے ایک خط میں اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں ’’میں آپ کو اسی نگاہ سے دیکھتا ہوں جس نگاہ سے کوئی مرید اپنے پیر کو دیکھے اور وہی محبت اور عقیدت اپنے دل میں رکھتا ہوں، خدا کرے وہ وقت جلد آئے کہ مجھے آپ سے شرف نیاز حاصل ہو اور میں اپنے دل کو چیر کر آپ کے سامنے رکھ دوں۔ لاہور ایک بڑا شہر ہے لیکن میں اس ہجوم میں تنہا ہوں، ایک فرد واحد بھی ایسا نہیں جس سے دل کھول کر اپنے جذبات کا اظہار کیا جا سکے‘‘۔ کچھ ایسی ہی محبت اکبر الٰہ آبادی کو اقبال سے بھی تھی۔ انھوں نے اپنے ایک شعر میں اس بات کا اظہار بھی کیا جو اس طرح ہے:

دعویٔ علم و فرد میں جوش تھا اکبر کو رات

ہو گیا ساکت جب ذکر اقبال آگیا

ادب صرف شعر و شاعری یا داستان گوئی و افسانہ سازی نہیں بلکہ تنقید حیات کا بھی نام ہے۔ ہر ادیب اپنی زندگی میں الگ الگ طریقے سے تنقید حیات کا کام کرتا رہتا ہے، اور اکبر الٰہ آبادی نے بھی اپنی ایک منفرد راہ اختیار کی تھی۔ ان کی شاعری جس قدر آسان فہم اور سہل ہوا کرتی تھی وہ اس سے کہیں زیادہ ذہین تھے۔ انہوں نے ادب ‘فلسفہ اور مذہب کی کتابیں خوب پڑھی تھیں۔ اکبر الٰہ آبادی نے انگریزی کتاب’فیوچر آف اسلام ‘ کا سلیس اور با محاورہ ترجمہ بھی کیا۔ وہ ایک ذہین اور باصلاحیت انسان تھےجنھوں نے تحصیلداری بھی کی، عدالت خفیفہ کی منصفی بھی کی، سیشن جج بھی رہے اور اپنی خدمات کے باعث ’خان بہادر‘ کا خطاب بھی حاصل کیا۔ انہیں ہائی کورٹ میں جج بننے کا بھی موقع حاصل ہوا تاہم خرابی صحت کے سبب 1903 میں قبل از وقت وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ سبکدوشی کے بعد انھوں نے پوری طرح سے خود کو شعر و ادب اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے وقف کر دیا۔ زندگی کے آخر وقت میں انھوں نے ایک زمانہ شناس، ماہر نباض اور حاذق حکیم کی صورت اختیار کی اور اپنی شاعری میں کھری کھری باتیں سنانے کے ساتھ ساتھ مرض کا علاج بھی بتایا۔ ان کی نظم ’تعلیم نسواں‘ اس کی بہترین مثال ہے جس میں انھوں نے انتہائی ناصحانہ انداز اختیار کیا ہے۔ اس نظم کے کچھ اشعار ملاحظہ فرمائیں:

تعلیم عورتوں کو بھی دینی ضرور ہے

لڑکی جو بے پڑھی ہو تو وہ بے شعور ہے

---

داتا نے دھن دیا ہے تو دل سے غنی رہو

پڑھ لکھ کے اپنے گھر ہی دیوی بنی رہو

---

مشرق کی چال ڈھال کا معمول اور ہے

مغرب کے ناز و رقص کا اسکول اور ہے

اکبر الٰہ آبادی کا نام جب بھی زبان پر آتا ہے تو لوگ کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آنے لگتی ہے اور ان کے مزاحیہ اشعار ذہن میں گردش کرنے لگ جاتے ہیں۔ لیکن اس حقیقت سے قطعی انکار ممکن نہیں کہ وہ اصلاح ملت کے عظیم علمبردار ہیں۔ وہ مزاحیہ شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ جدید فلسفی شاعر بھی تھے۔ اس عظیم اور خاکسار شاعر کا انتقال 9 ستمبر 1921 کو الٰہ آباد میں ہوا اور یہیں کی خاک میں دفن کیے گئے۔ اس مشہور عام شاعر کے بے شمار اشعار ہیں جو لوگوں کی زبان زد ہیں۔ آخر میں پیش ہیں کچھ ایسے ہی اشعار جنھیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا:

دنیا میں ہوں دنیا کا طلب گار نہیں ہوں

بازار سے گزرا ہوں، خریدار نہیں ہوں

---

اک دن تھا وہ کہ دب گئے تھے لوگ دین سے

اک دن یہ ہے کہ دین دبا ہے مشین سے

---

بتاؤں آپ سے مرنے کے بعد کیا ہوگا

پلاؤ کھائیں گے احباب فاتحہ ہوگا

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Nov 2018, 5:09 PM